قطر کے ساتھ دوستانہ تعلقات کو اہم سمجھتے ہیں ، گورنر سندھ

گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ قطر کے ساتھ دوستانہ تعلقات کو اہم سمجھتے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق گورنر سندھ عمران اسماعیل سے پاکستان میں تعینات خلیجی ریاست قطر کے سفیر شیخ سعود بن عبدالرحمان الثانی نے گورنر ہاؤس میں ملاقات کی جس میں علاقائی و عالمی صورتحال سمیت دو طرفہ تعلقات کے تحت مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ سمیت باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات میں تجارت،سرمایہ کاری اور دیگر شعبوں میں باہمی تعلقات میں پیشرفت پراطمینان کا اظہار کیا گیا ، دونوں ممالک کے مابین تجارت اور سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے لیے مربوط اقدامات پر اتفاق کیا گیا۔

گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا کہ قطر کے سرمایہ کار پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقعوں سے بھر پورفائدہ حاصل کر سکتے ہیں۔

قطر کے سفیر شیخ سعود بن عبدالرحمان الثانی نے کہا کہ قطر پاکستان کے ساتھ تعلقات و تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے ، موجودہ دور حکومت میں پاکستان میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں جن سے بھر پور فائدہ اٹھایا جائے گا۔

اس سے قبل گورنر سندھ عمران اسماعیل سے پاکستان میں تعینات متحدہ عرب امارات کے سفیر حماد عبید الزعابی نے ملاقات کی تھی جس میں دو طرفہ تعلقات اور مختلف شعبہ جات میں تعاون سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا تھا۔

گورنر سندھ نے پاکستان میں بالخصوص صحت، تعلیم ، توانائی اور انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ کے شعبہ جات میں متحدہ عرب امارات کی معاونت کو سراہا۔

گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا تھا کہ دونوں ممالک کے درمیان اسٹریٹیجک تعلقات میں بتدریج بہتری آئی ہے جس سے دونوں ملکوں کے قریبی تعلقات کو مزید تقویت ملی ہے ، وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں پاکستان کی معیشت ترقی کی شاہراہ پر گامزن ہے ، کورونا وبا کے باوجود زرمبادلہ کے ذخائر، برآمدات اور ترسیلات زر میں ریکارڈ اضافہ ہوا ہے۔

پاکستان میں تعینات متحدہ عرب امارات کے سفیر حماد عبید الزعابی نے کہا تھا کہ حکومت پاکستان کی کورونا سے نمٹنے کی مجموعی حکمت عملی کو عالمی سطح پر سراہا گیا ہے ، پاکستان معاونت پروگرام کے تحت مختلف شعبہ جات میں تعاون کو مزید مستحکم بنایا جائیگا۔

The post قطر کے ساتھ دوستانہ تعلقات کو اہم سمجھتے ہیں ، گورنر سندھ appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email