مجھے معلوم ہے آپ سب لوگ اسلامی نظام نافظ ہونے کاانتظار کر رہے ہیں ، سراج الحق

امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ مجھے معلوم ہے آپ سب لوگ اسلامی نظام نافظ ہونے کاانتظار کر رہے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے ورکر کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ میں تھرپارکر میں تھا وہاں لوگ بھوک اور غربت سے مر رہے ہیں ، اب صبر کا پیمانہ بھر چکا ہے ، اب گھر سے نکلنا ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ جو ظالم کا ساتھ دیتا ہے ، میرے نبیﷺ نے فرمایا وہ میرا امتی نہیں ہے ، اگر آپ ظالم کو روک نہیں سکتے تو اس کو برا ضرور سمجھیں ، جن لوگوں کے نام پینڈورا پیپرز میں آئے ہیں ، ہم انہیں نہیں چھوڑیں گے ، ہر عدالت میں جائیں گے ، اب پی ٹی آئی کی حکومت ہے جس نے تبدیلی کے نام پر ووٹ لیے ، پی ٹی آئی کا نام غریبوں کے لیے تباہی کا نام اور آئی ایم ایف سے قرضہ لینے کا نام ہے۔

امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا کہ گزشتہ دنوں پولیس نے دو جوانوں کو پکڑا جو یونیورسٹی کے تھے ، نوکری کے بجائے ڈاکے ڈال رہے ہیں ، میں نوجوانوں کو کہتا ہوں اپنی ڈگریاں لے کے 31 اکتوبر کو لاہورآئیں ، ہمارا وزیراعظم کہتا ہے مجھے ٹی وی سے پتہ چلا کے ہمارے روپے کی قدر کم ہو گئی ، اب سانس لینا مشکل ہو گیا ہے ، بیمار کی دوا لینا مشکل ہو گیا ہے ، بجلی کا بل دینا مشکل ہو گیا ہے۔

سراج الحق نے کہا کہ بیس سال جس ملک میں جنگ رہی وہاں کی کرنسی بھی ہمارے سے بہتر ہے ، ہر حکومت اپنی اپنی باری لے کر پھر بھی کہتے ہیں دوبارہ موقع دیں اب حالات ٹھیک کر دیں گے ، تمام حکمرانوں کی جگا اب اڈیالا جیل ہے سب کو جیل میں پہنچائیں گے ، ان تمام کرپٹ مافیا کا احتساب آپ نے کرنا ہے اپنے ووٹ سے۔

انہوں نے کہا کہ اس حکومت نے ڈومیسٹک بل پاس کیا ، جس بل میں ہے کہ اب کوئی والد اپنی بیٹی سے یہ نہیں پوچھ سکتا کے تم رات بارہ بجے کہاں تھی ، یہ قانون ختم نا ہوا تو آپ لوگوں کے ہاتھوں میں کڑے ہوں گے لیکن ہم یہ کڑے عمران خان کو پہنائیں گے ، عمران خان این جی اوز کے کہنے پر ایسے بل لا رہا ہے۔

امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا کہ اس حکومت کو بدلنے کے لیے آپ لوگ ہمارا ساتھ دیں ، اگر اللہ نے موقع دیا حکومت کا تو سب سے پہلے پاکستان سے سودی نظام کا خاتمہ کریں گے ، چیف جسٹس کے ہاتھ میں قرآن ہو ، اسلامی حکومت قائم ہو ، اسلامی ریاست قائم ہوئی تو ہر غریب کی کفالت ریاست کرے گی انصاف کا نظام ہو گا۔

The post مجھے معلوم ہے آپ سب لوگ اسلامی نظام نافظ ہونے کاانتظار کر رہے ہیں ، سراج الحق appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email