پاک چائنا تعلقات انتہائی خاص ہیں، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ پاک چائنا تعلقات انتہائی خاص اور ہر چیلنج کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق چین کی پیپلز لبریشن آرمی کے قیام کی 94 ویں سالگرہ پر جی ایچ کیو میں خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ مہمان خصوصی تھے جبکہ چینی سفیر نونگ رونگ، دفاعی اتاشی میجر جنرل چن ون رونگ، چینی سفارتخانے کے حکام، پاکستان کی مسلح افواج کے افسران نے بھی تقریب میں شرکت کی۔

آئی آیس پی آر کے مطابق چینی دفاعی اتاشی نے پیپلز لبریشن آرمی کی 94 ویں سالگرہ کی استقبالیہ تقریب کے انعقاد پر آرمی چیف کا شکریہ ادا کیا۔

چینی دفاعی اتاشی نے کہا کہ چینی صدر نے کہا تھا پاکستان کی مسلح افواج پاک چین اسٹریٹجک تعلقات کا اہم جز ہیں جبکہ چین پاکستان آئرن برادرز ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق چینی دفاعی اتاشی نے مزید کہا کہ چین پاکستان ہر موسم کے دوست اور اسٹریٹجک پارٹنر ہیں۔

پیپلز لبریشن آرمی کے 94 واں یوم تاسیس کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ باہمی شراکت داری علاقائی امن واستحکام کیلئےانتہائی اہم ہے، ماضی اورحال میں ہر چیلنج میں ہم  نے ایک دوسرے کا ساتھ دیا، پی ایل اے اور پاک فوج مشکل وقت کے بھائی ہیں،باہمی مفادات کے تحفظ کے لیے ہمارے تعلقات مسلسل مضبوط ہورہے ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے مزید کہا کہ دنیا کی صورتحال میں کوئی بھی تبدیلی ہو، ہماری قومی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور خطے کے امن و استحکام کے لیے ہم اہمیشہ ساتھ ہیں، قیام کے 94 سال مکمل ہونے پر پیپلز لبریشن آرمی کی قیادت کو مبارک باد دیتے ہیں۔

آرمی چیف نے چین کے دفاع، سیکیورٹی اور قومی تعمیر میں پیپلز لبریشن آرمی کے کردار کو سراہا۔

The post پاک چائنا تعلقات انتہائی خاص ہیں، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email