چترال میں بھی مون سون شجر کاری مہم کا آغاز

چترال(زیل نمائندہ) ملک کے دیگر حصوں کی طرح چترال میں بھی مون سون موسم کے شجر کاری مہم  کا آغاز ہوا۔ اس موقع پر چترا ل ائیرپورٹ  کے قریب  آٹھ ہزار پودے لگائے گئے۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر لوئر چترال نوید احمد مہمان خصوصی تھے جبکہ  شجر کاری مہم میں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر، چترال سکاؤٹس کے ایکٹنگ کمانڈنٹ، پاک فوج کے  میجر ریاض، محکمہ جنگلی حیات چترال اور چترال گو ل نیشنل پارک کے ڈویژنل فارسٹ افسران سمیت  سب ڈویژنل افسران اور محکمہ جنگلات اور جنگلی حیات کاعملہ نے بھی شرکت کی۔ اس موقع پر سب سے پہلے ڈی سی چترال نے ٹائیگر فورس میں ماسک  تقسیم کئے۔ اس کے بعد ان مہمانوں نے پودے لگائے۔ ڈویژنل فارسٹ آفیسر شوکت فیاض نے مقامی صحافیوں کو بتایا کہ آج کی  تقریب ٹائیگر پلانٹیشن ڈے کے حوالے سے منعقد کی گئی ہے  جس سے نوجوان نسل میں پودوں کے اہمیت کے بارے میں آگاہی پیدا ہوگی۔   ڈی ایف او نے  مزید بتایا کہ اس کے علاوہ چار مزید مقامات پر  تیس ہزار پودے لگائے جائیں گے۔  انہوں نے کہا کہ ہم ٹین بلین پلانٹیشین مہم میں  محکمہ جنگلات کے ذریعے 19 لاکھ پودے لگائیں گے جبکہ 22 لاکھ پودے لوگوں کو مفت فراہم کریں گے۔اس کے علاوہ 70,000 پھلد ار پودے بھی لوگوں میں مفت تقسیم کریں گے جس میں پستہ اور بادام بھی شامل ہے تاکہ لوگوں کو جنگلات کے ساتھ ساتھ پھلوں کے ذریعے آمدنی کا باعث ہو۔

Print Friendly, PDF & Email