چترال کے مختلف مقامات پر یوم استحصال کشمیر منایا گیا

چترال /بونی(زیل نمائندہ) مقبوضہ کشمیر میں نہتے کشمیریوں کے ساتھ بھارتی فوج کے جبرو بربریت اور مظالم کے ایک سال مکمل ہونے پرچترال کے مختلف مقامات پر یوم استحصال کشمیر منایا گیا۔ اس حوالے سے مختلف مذمتی تقریبات اور ریلیز کا اہتمام کیا گیا۔ ضلعی انتظامیہ اپر چترال کی زیر نگرانی ہیڈکوارٹر بونی میں ریلی کا انعقاد کیا گیا۔  اس موقع پر ضلعی انتظامیہ اپر چترال کے افسران، تحصیل میونسپل ایڈمنسٹریٹشن مستوج، موڑکھو کے TMOs,پولیس فورس، ٹریفک ڈیوٹی پر مامور پولیس اہلکاراں اور مختلف شعبہ جات سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔ شرکاء نے اپنے بازوں میں سیاہ پٹیاں باندھی ہوئی تھیں ۔اس موقع پر ہندوستانی فوج کی بربریت کے خلاف شدید نعرہ بازی کی گئی اور مظالم کی وجہ سے شہید ہونے والے کشمیری بھائیوں اور بہنون کی یاد میں ایک منٹ کی خاموشی اختیار  کی گئی۔ اس دوران ایک منٹ کے لئے ٹریفک اور نقل و حمل کو روک دیا گیا اور نہتے کشمیری مسلمانوں کے ساتھ بھارتی سامراج اور انڈین آرمی کے مغاصبانہ اقدام کی بھر پور مذمت کی گئی۔ ریلی کے شرکاء نے کشمیر پاکستان کا حصہ ہے اور ہمیشہ رہے گا کا بھی فلک شگاف نعرے لگائے۔

Print Friendly, PDF & Email