ڈپٹی کمشنر چترال کا دورہ گولین، متاثرین میں چیک تقسیم

گولین(زیل نمائندہ) ڈپٹی کمشنرچترال (زیرین) نوید احمد نے سیلاب سے متاثرہ گاؤں گولین کا دورہ کیا اور سیلابی ریلوں کی زد میں آکر تباہ ہونے والے گھروں کے مالکان میں معاوضے کے چیک تقسیم کیے۔ اس موقع پر ایڈینشنل ڈپٹی کمشنر فنانس محمد حیات شاہ، تحصیل میونسپل آفیسر قادرناصر،پولیس افسران اور مقامی نمائندے بھی موجود تھے۔ متاثرین میں چیک تقسیم کرنے کے بعد اپنے خطاب میں ڈی سی چترال نوید احمد نے کہا کہ گولین میں سیلاب سے متاثرہ افراد میں چیک کی تقسیم میں تاخیر کا سبب ضروری کاغذی کاروائی تھی۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ گولین کے متاثرین کے ساتھ ہے اورمکمل بحالی تک کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کیا جائے گا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے بحالی کے کاموں کا بھی جائزہ لیا اور مزید کام تیزکرنے کی ہدایت کردی۔

یاد رہے گزشتہ ماہ کی ۷ تاریخ کو گولین میں گلیشئرپھٹنے سے تباہ کن سیلاب کے نتیجے میں درجن سے زیادہ گھروں کو نقصان پہنچا تھا۔ کھڑی فصل اور پھلدار درخت سیلابی ریلوں کی زد میں آکر متاثر ہوئے تھے۔ آمدورفت کا نظام بری طرح متاثر ہوا تھا اور گولین کے عوام کئی دنوں تک محصور ہوکر رہ گئے تھے۔ ڈیڑھ مہینہ گزرنے کے بعد اب بحالی کا کام آخری مراحل میں داخل ہوچکا ہے اور بے گھر ہونے والے افراد میں معاوضے کی چیک بھی تقسیم ہوچکے ہیں۔

Print Friendly, PDF & Email