کشمیری بھائیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی، چترال میں بڑا جلسہ

چترال (زیل نمائندہ )ملک کے دوسرے علاقوں کی طرح چترال میں بھی یوم یکجہتی کشمیر منایا گیا۔ اس موقع پر کشمیر میں بھارتی جارحیت اور انسانی حقوق کی پامالی کے خلاف ریلی کا اہتمام کیا گیا۔ ریلی چترال بازار سے ہوتی ہوئی اتالیق چوک پہنچ کر جلسے کی شکل اختیار کی۔ جلسے میں سیاسی و غیر سیاسی شخصیات ، وکلاء برادری، سکول اور کالجوں کے طلبہ، مذہبی رہنماوں ، انجمن تاجران ، ڈرائیور یونین اور بڑی تعداد میں عوام نے شرکت کی ۔ سیاسی جماعتوں کے نمائندوں میں عبدالطیف صدر پی ٹی آئی چترال ، جمشید احمد امیر جماعت اسلامی چترال، محمد حکیم خان ایڈووکیٹ جنرل سیکریٹری پی پی پی چترال اور عوامی نیشنل پارٹی کے  الحاج عید الحسین کے علاؤہ دیگر اہم رہنما شامل تھے ۔ اس موقع پرمقررین نے خطاب کرتے ہوئے  بھارت کے خلاف شدید الفاظ استعمال کیے اور کشمیریوں کے حق میں اپنی آواز بلند کی ۔ انھوں نے کہا کہ لائن آف کنٹرول پر شہری آبادی کو کلسٹر بموں سے نشانہ بنانا مودی سرکار کا وحشیانہ فعل ہے ۔ بھارت نے کلسٹر بم استعمال کرکے انسانی حقوق کی کھلم کھلا خلاف ورزیاں کی ہے  ۔ بھارت ہوش کا ناخن لے کیونکہ کشمیر کبھی بھی بھارت کا حصہ نہیں بن سکتا۔ کشمیر کی مکمل آزادی تک کشمیریوں کی ہر محاذ پر ہرقسم کی حمایت جاری رکھیں گے۔ اس دوران طلبہ نے بھارت کے خلاف شدید نعرہ بازی کرتے رہے ۔ جلسے کے اختتام پر کشمیر کے مظلوم عوام اور پاکستان کی سالمیت کے لیے دعائیں مانگی گئ۔

Print Friendly, PDF & Email