لاہور: ضلعی انتظامیہ نے عیدالاضحیٰ کی تیاریوں کا پلان جاری کر دیا

لاہور میں ضلعی انتظامیہ نے عیدالاضحیٰ کی تیاریوں  کا پلان جاری کر دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق لاہور کی ضلعی انتظامیہ عیدالاضحیٰ کے موقع پر کوڑا کرکٹ کو اٹھانے اور صفائی ستھرائی کے انتظامات پر خصوصی پلان تیار کر رہی ہے۔

اس ضمن میں ڈی سی لاہور مدثر ریاض کا کہنا ہے کہ عید سے  2 دن قبل شہر میں مکمل صفائی ستھرائی کے انتظامات کو یقینی بنایا جائے گا اور اورعید کے تینوں ایام میں قربانی کے جانوروں کی آلائشوں اور کھالوں کو فوری اٹھانے کا عمل بھی جاری رہے گا۔

ڈی سی لاہور مدثر ریاض کا کہنا ہے کہ ایل ڈبلیو ایم سی کا تمام اسٹاف عید کے دنوں میں لاہور شہر کے شہریوں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کے لئے ڈیوٹی پر موجود رہے گا، ایل ڈبلیو ایم سی لاہور شہر کی تمام یونین کونسلز میں عید کے ایام میں کیمپس قائم کرے گی، 20 کمپس لگائے جائیں گے۔

ان کا کہنا ہے کہ پہلے مرحلے میں 158 جبکہ دوسرے میں 132 کیمپس لگائے جائیں گے، کیمپس نہ صرف شکایات کے لئے بلکہ  لاہور شہریوں کے تعاون سے صفائی ستھرائی کے حوالے سے سرگرمیوں کو جاری رکھنے کے لئے قائم کئے جائیں گے اور جانوروں کی آلائشوں اور کھالوں کو اٹھوانے کے حوالے سے فری آف کاسٹ بیگز بھی کیمپس میں دستیاب ہوں گے، 1٫5  ملین بیگز کی تقسیم کو   09 زونز میں یقینی بنایا جائے گا، ایل ڈبلیو ایم سی کے آفس میں عید کے ایام میں تمام تر امور کی مانیٹرنگ کے لئے کنٹرول روم بھی قائم کیا جائے گا، اور ایس آر مینجر کنٹرول روم کے انتظامات کو دیکھے گا۔

ڈی سی لاہور مدثر ریاض نے کہا ہے کہ ایس آر مینجر 1139 ٹیم کے ساتھ بذریعہ ویڈیو وال فیلڈ آپریشنز کو مانیٹر اور کنٹرول کرے گا، کنٹرول روم میں 02 شفٹیں کام کریں گی اور تیسری شفٹ میں محدود سٹاف تعینات کیا جائے گا، پہلی شفٹ صبح 06 بجے سے دوپہر 02 بجے تک، دوسری شفٹ دوپہر 02 سے رات 10 بجے تک اور تیسری شفٹ رات 10 بجے سے صبح 06 بجے تک ہو گی۔

انھوں نے بتایا ہے کہ کنٹرول روم  میں 24 گھنٹے جاری رہنے والی سرگرمیوں کو مانیٹر کیا جائے گا، جانوروں کی آلائشوں کو اٹھانے کے لئے عید کے ایام میں پک آپس بھی پوائنٹس پر موجود رہیں گی، عید سے دو دن قبل 57 اور عید سے  ایک دن پہلے 394 پک اپس موجود رہیں گی اور عید کے ایام میں پہلے روز 1200، دوسرے روز 1097 اور تیسرے روز 556 پک اپس موجود رہیں گی، آلائشوں کو اٹھانے والی گاڑیوں کی مانیٹرنگ پی آئی ٹی بی ایپلیکیشن کو استعمال کر کے آٹو میٹک طریقے سے کی جائے گی۔

مدثر ریاض نے مزید بتایا ہے کہ عید کے موقع پر تقریباً 450 اینڈرائیڈ موبائل کے ذریعے جاری سرگرمیوں کا جائزہ لیا جائے گا، آئی ایم ایف ڈیپارٹمنٹ تمام ملازمین کو اینڈرائیڈ موبائل اور ایپلیکیشن کے استعمال کے متعلق بتائے گا، عید گاہ اور مساجد میں صفائی و ستھرائی کے انتظامات کو بھی یقینی بنایا جائے گا اور امام مسجد بھی اپنے خطبات میں صفائی ستھرائی کے انتظامات کو یقینی بنانے پر خطبہ بھی دیں گے۔

The post لاہور: ضلعی انتظامیہ نے عیدالاضحیٰ کی تیاریوں کا پلان جاری کر دیا appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email