کورونا ویکسینیشن سرٹیفیکیٹ نادرا سے کیسے حاصل کیا جا سکتا ہے؟

پاکستان بھر میں کورونا ویکسین لگانے کا عمل جاری ہے جس کیلئے ہسپتالوں میں ویکسینیشن سنٹرز سمیت اب موبائل ویکسین مراکز بھی قائم کیے گئے ہیں۔

کورونا سے بچاؤ کے ٹیکے لگانے کو آہستہ آہستہ لازمی قرار دیے جانے کا امکان بڑھ رہا ہے جیسا کہ پشاور بس ریپڈ ٹرانزٹ یعنی بی آرٹی میں سفر کرنے کے لیے یکم اگست سے مسافروں کیلئے کورونا ویکسین لگوانے کا سرٹیفیکیٹ دکھانا لازمی ہوگا۔

آج ہم آپ کو بتائیں گے کہ یہ سرٹیفیکٹ کیا ہے، اس کی اہمیت کیا ہے اور آپ یہ سرٹیفیکیٹ کیسے حاصل کرسکتے ہیں۔

کورونا ویکسینیشن سرٹیفکیٹ کہاں سے اور کیسے حاصل کر سکتے ہیں؟

کورونا ویکسین سرٹیفیکیٹ نادرا کی جانب سے جاری کیاجاتا ہے۔

نادرا نے اس مقصد کیلئے ویب سائٹ بنائی ہوئی ہے جہاں کوئی بھی شخص اپنے موبائل فون یا کمپیوٹر سے جا کر ’کورونا سرٹیفیکیٹ‘ کے بٹن پر کلک کرکے اسے جاری کروا سکتا ہے۔

کورونا سرٹیفیکیٹ بٹن پر کلک کرنے کے بعد اسکرین پر آپ سے کچھ بنیادی معلومات جیسا کہ  شناختی کارڈ نمبر، شناختی کارڈ کی تاریخ اجرا اور موبائل نمبر مانگا جائے گا، اسی طرح اس سکرین پر آخر میں آپ سے ایک آسان سا دو ہندسوں کے جمع کرنے کا سوال پوچھا جائے گا۔

یہ معلومات دینے کے بعد اسکرین کے آخر میں تصدیق کریں کا بٹن دبائیں ۔

تصدیق کا بٹن دبانے کے بعد  آپ سے شناختی کارڈ  کے مطابق آپ کا نام پوچھا جائے گا جبکہ ایک خانہ پاسپورٹ نمبر کا ہے۔ اگر آپ کے پاس پاسپورٹ موجود نہیں ہے تو آپ یہ خانہ خالی چھوڑ سکتے ہیں۔

اسی سکرین پر قومیت کا ایک خانہ نظر آتا ہے۔ قومیت کی معلومات درج کرنے کے بعد تصدیق کریں پر کلک کریں۔

تصدیق کے بٹن پر کلک کرنے کے بعد آپ کو اسکرین پر پیسے جمع کروانے کا آپشن نظر آئے گا۔

نادرا کی جانب سے اس سرٹیفیکیٹ کے حصول کے لیے 100 روپے جمع کروانا لازمی ہے۔ اس مرحلے پر اگر آپ کے پاس کسی بھی پاکستانی بینک کا ڈیبٹ یا اے ٹی ایم کارڈ موجود ہے تو اس کی مدد سے آپ آن لائن پیسے جمع کروا سکتے ہیں۔

ضروری معلومات فراہم کرنے کے بعد آپ سبمٹ کا بٹن دبائیں گے۔ اس کے بعد اگلا مرحلہ آپ کو تصدیقی کوڈ آنے کا ہے۔

اگلے مرحلے میں آپ سے وہی کوڈ جو آپ کا بینک کے ساتھ رجسٹرڈ موبائل نمبر پر موصول ہوگیا، مانگا جائے گا، کوڈ کے خانے میں وہی کوڈ درج کریں اور  نیچے دیے گئے خانے میں ایک ٹک لگائیں اور سبمٹ کا بٹن دبائیں۔

اب اگر آن لائن رقم کامیابی سے جمع ہوئی تو اسکرین پر آپ کو پیغام نظر آئے گا کہ آپ نے نادرا کو کورونا سرٹیفیکیٹ کی مد میں 100 روپے  کامیابی سے جمع کروا دیے ہیں اور یہ مرحلہ مکمل ہوگیا ہے۔

پیسے جمع کرنے کے بعد جب آپ جاری کا بٹن دبائیں گے تو اسکرین پر  آپ کے پیسے جمع کرنے کی تفصیلات کے ساتھ دو آپشنز بھی نظر آئیں گے جہاں سے آپ ان پیسوں کی رسید بھی حاصل کر سکتے ہیں اور اگلے مرحلے میں جانے کے لیے جاری کا بٹن دبائیں گے جو حصول سرٹیفکیٹ کا آخری مرحلہ ہے۔

جاری کا بٹن دبانے کے بعد  ایک اسکرین نظر آئے گی جس میں آپ کا نام اور دیگر تفصیل درج ہوتے ہیں۔

اس کا مقصد یہ ہے کہ آپ اپنے نام یا دیگر ذاتی معلومات میں اگر کسی قسم کی غلطی ہے تو وہ درست کر سکتے ہیں، اگر تمام معلومات درست ہیں تو اندراج کا بٹن دبائیں۔

اندراج کا بٹن دبانے کے بعد اسکرین پر پیغام نطر آئے گا کہ اب آپ اپنا سرٹیفیکیٹ ڈاؤن لوڈ کرسکتے ہے۔

سرٹیفیکیٹ ڈاؤن لوڈ کرنے کے بعد اپنے پاس سافٹ فارم میں محفوظ رکھے یا آپ سرٹیفکیٹ کا پرنٹ نکال کر اپنے ضروری دستاویزات کے ساتھ محفوظ رکھ سکتے ہیں۔

The post کورونا ویکسینیشن سرٹیفیکیٹ نادرا سے کیسے حاصل کیا جا سکتا ہے؟ appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email