تاریخ میں پہلی مرتبہ پیٹرول کی قیمتیں تاریخ کی بلند ترین سطح پر ہیں، شہباز شریف

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے کہا کہ تاریخ میں پہلی مرتبہ پیٹرول کی قیمتیں تاریخ کی بلند ترین سطح پر ہیں۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت نے مہنگائی کے ظلم کا ایک اور ریکارڈ ٹائم کیا ہے، میں نے اپنی بجٹ تقریر میں کہا تھا کہ یہ حکومت مہنگائی کے ذریعے عوام کی زندگی اجیرن بنا دے گی۔

انہوں نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ اس جانب ایک اور قدم ہے، ٹیکس فری بجٹ کی حقیقت قوم کے سامنے آگئی ہے، نئے پاکستان کا احساس عوام نے دیکھ لیا ہے، مہنگائی ، بے روزگاری اور غربت کی انتہا موجودہ حکومت کے مظالم کی شکلیں ہیں۔

اس کے علاوہ شہباز شریف نے آٹے ، گھی اور چینی کی قیمت میں اضافے کی شدید مذمت کی اور کہا کہ 16 جون کے بعد 3 بار پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے بعد مہنگائی کا یہ نیا بم گرایا گیا ہے

انہوں نے کہا کہ 170 روپے سے گھی 260 روپے، 20 کلو آٹا 820 سے 950 روپے ہونا موجودہ حکومت کی ناکامیوں کی تفصیل ہے، یوٹیلیٹی اسٹور پر 68 روپے سے چینی کی قیمت 85 روپے ہونا اس بات کا ثبوت ہے کہ ملک میں کوئی حکومت نہیں ہے۔

شہباز شریف کا کہنا ہے کہ حکومت نے 85 روپے کلو چینی کر کے اپوزیشن کی تمام باتوں کو سچ ثابت کردیا ہے، یوٹیلیٹی اسٹورز سے بھی عوام اب آٹا، گھی اور چینی خریدنے کے قابل نہیں رہی، غریب عوام اس مہنگائی میں کیسے گزارا کرے گی؟

انہوں نے کہا کہ میں نے بجٹ تقریر میں کہا تھا ناں کہ بجٹ 2021 عوام کے ساتھ ایک دھوکہ اور فریب ہے، 16 جون کو حکومت کے بجٹ پیش کرنے کے بعد سے ہر روز ہر ہفتے مہنگائی بڑھ رہی ہے۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے مزید کہا کہ عوام کو دھوکہ دیا گیا ہے، مہنگائی عوام کو تباہ کررہی ہے، یہ ظلم ہے جس کا راستہ ہم پوری قوت سے روکیں گے، مہنگائی کے خلاف پارلیمنٹ کے اندر اور باہر عوام کی آواز بنیں گے، عوام سے جینے کا حق چھینے والی حکومت کو اقتدار میں رہنے کا کوئی حق نہیں ہے۔

The post تاریخ میں پہلی مرتبہ پیٹرول کی قیمتیں تاریخ کی بلند ترین سطح پر ہیں، شہباز شریف appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email