آئی ایم ایف کو خوش کرنے کیلئے نااہل حکومت روز منی بجٹ لا رہی ہے، فیصل کریم کنڈی

پاکستان پیپلز پارٹی کی مرکزی سیکرٹری اطلاعات فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ آئی ایم ایف کو خوش کرنے کیلئے نااہل حکومت روز منی بجٹ لا رہی ہے۔

 تفصیلات کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کی مرکزی سیکرٹری اطلاعات فیصل کریم کنڈی نے اپنے بیان میں کہا کہ نااہل حکومت کی ناقص پالیسیوں نے مہنگائی 12 فیصد سے زیادہ کر کے تمام ریکارڈ توڑ دیئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پٹرول ڈیزل اور گھی چینی کی قیمتوں میں اضافے نے عوام کی دو وقت کی روٹی بھی چھین لی ہے، تبدیلی کے نام پر ملک میں تباہی کی جارہی ہے، گھی، ادویات، آٹا اور چینی کی قیمتوں میں اضافہ اپنے وزیراعظم کے اردگرد مافیا کو نوازنے کے لیے ہے۔

فیصل کریم کنڈی نے مزید کہا کہ موجودہ حکومت غربت مکاؤ کی بجائے غریب کو مارنے کی پالیسی پر عمل پیرا ہے، حکومت نے گھی و چینی کی قیمت میں اضافہ کر کے غریب عوام کو عید کا تحفہ دیا ہے، گھی چینی کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے کو فوری طور پر واپس لیا جائے۔

The post آئی ایم ایف کو خوش کرنے کیلئے نااہل حکومت روز منی بجٹ لا رہی ہے، فیصل کریم کنڈی appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email