احساس کفالت ایمرجنسی ریلیف پروگرام کے تحت چترال میں امداد دینے کاسلسلہ جاری

چترال (زیل نمائندہ) کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے پیش نظر ملک میں لاک ڈاؤن کے دوران مستحق خاندانوں کی امداد کے لیے حکومت کی طرف سے احساس کفالت ایمرجنسی ریلیف پروگرام کے تحت امداد دینے کاسلسلہ شروع ہوچکا ہے۔ ملک کے دوسرے علاقوں کی طرح  چترال کے دونوں اضلاع میں  بھی مستحقین کومرحلہ وار امداد دی جائے گی۔ تین مرحلوں پر مشتمل اس پروگرام کے پہلے مرحلے میں ان مستحق خواتین کو احساس کفالت پروگرام کے تحت امداد دی جائے گی جو پہلے سے ہی اس پروگرام سے مستفید ہورہے ہیں۔ دوسرے مرحلے میں SMSمہم کے تحت منتخب ہونے والے مستحقین کو جبکہ تیسرے اور آخری مرحلے میں ان افراد کو امداد دی جائے گی جن کا انتخاب  ضلعی انتظامیہ  کرے گی۔ ملک میں لاک ڈاؤن کی صورت حال کے پیش نظر مستحقین تک امداد پہنچانے کے طریقہ کارمیں تبدیلی کی گئی ہے اور دونوں اضلاع کے طول وعرض میں کیمپ سائیٹزقائم کیے گئے ہیں۔ احساس کفالت پروگرام لوئر چترال کے اسسٹنٹ ڈائریکٹردیدار احمد کے مطابق لوئر چترال میں گورنمنٹ ہائی سکول سوسوم کریم آباد،گورنمنٹ ہائیرسکینڈری سکول گرم چشمہ، گورنمنٹ ہائی سکول کوغذی، گورنمنٹ پرائیمری سکول بروزکوڑ، گورنمنٹ ہائی سکول بمبوریت، گورنمنٹ ہائی سکول عشریت، گورنمنٹ ہائی سکول اورچون، گورنمنٹ ہائی سکول تار اور گورنمنٹ پرائیمری سکول مدک لشٹ میں کیمپ سائیٹز قائم کیے گئے ہیں۔ اپر چترال کے احساس کفالت پروگرام کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر جاوید احمد کے مطابق پہلے مرحلے میں یارخون یونین کونسل  کےلیے گورنمنٹ ہائیر سیکیڈری سکول بنگ ، گورنمنٹ ہائی سکول شوست اور گورنمنٹ پرائیمری سکول مستوج میں کیمپ سائیٹزقائم کیے گئے ہیں۔

Print Friendly, PDF & Email