پاکستان، بحرین کے ساتھ دو طرفہ برادرانہ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے ،شاہ محمود قریشی

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان، بحرین کے ساتھ دو طرفہ برادرانہ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے اور  مزید مستحکم بنانے کیلئے پر عزم ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے منامہ میں ،بحرین کے فرمانروا شاہ حمد بن عیسی الخلیفہ سے ملاقات کی جس میں دو طرفہ تعلقات ،مختلف شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون کے فروغ سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے بحرین کے فرمانروا شاہ حمد بن عیسی الخلیفہ کو وزیر اعظم عمران خان اور صدرِ پاکستان ڈاکٹر عارف علوی کی جانب سے شاہی خاندان اور بحرینی عوام کی ترقی و خوشحالی کیلئے نیک خواہشات کا پیغام پہنچایا۔

شاہ حمد بن عیسٰی الخلیفہ نے بحرین کی تعمیر و ترقی میں، پاکستانی کمیونٹی کے کردار کو سراہا ،  وزیر خارجہ نے بحرین میں مقیم پاکستانیوں کا خصوصی خیال رکھنے پر شاہ بحرین کا شکریہ ادا کیا ، وزیر خارجہ نے پاک بحرین مشترکہ وزارتی کمیشن کے دوسرے اجلاس کی میزبانی پر شاہ بحرین کو مبارکباد دی۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاک بحرین مشترکہ وزارتی کمیشن ،دونوں ممالک کے مابین دوطرفہ تعلقات کو مستحکم بنانے، دو طرفہ تجارتی، اقتصادی و کثیر الجہتی تعاون بڑھانے میں معاون ثابت ہو گا ، پاکستان اور بحرین کے درمیان دو طرفہ برادرانہ تعلقات، یکساں مذہبی ،ثقافتی اور تاریخی اقدار پر استوار ہیں ، دسمبر 2019 میں شاہ بحرین کی دعوت پر وزیر اعظم عمران خان کے دورہ ء بحرین سے ان تعلقات میں مزید وسعت پیدا ہوئی۔

وزیر خارجہ نے سلطنت بحرین کی جانب سے اسلام آباد میں “کنگ حمد نرسنگ یونیورسٹی اینڈ ایسوسی ایٹڈ میڈیکل ہسپتال” کا تحفہ دینے پر شاہ بحرین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اسے پاکستان اور بحرین کے مابین مضبوط اور مستحکم دو طرفہ تعلقات کا مظہر قرار دیا۔

اس کے علاوہ وزیر خارجہ نے صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی اور وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے، شاہ بحرین، عزت مآب جناب شاہ حمد بن عیسی الخلیفہ کو جلد پاکستان کا دورہ کرنے کی دعوت دی۔

The post پاکستان، بحرین کے ساتھ دو طرفہ برادرانہ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے ،شاہ محمود قریشی appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email