پولیس کو نور مقدم پر تشدد کے ویڈیو شواہد مل گئے

سابق سفیر کی بیٹی نور مقدم کے قتل کیس میں پولیس کو تشدد کے ویڈیو شواہد مل گئے۔

ذرائع کے مطابق دوران تفتیش ملزم ظاہر جعفر کی جانب سے خود کو پاگل ظاہر کرنے کی کوشش کی گئی جبکہ ملزم نے قتل کا اعتراف کرلیا تاہم قتل کی وجہ نہیں بتائی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزم خود کو ذہنی مریض یا پاگل ثابت کرنے کیلئے بیان بدلتا رہا جبکہ ملزم قتل کی وجہ بھی مختلف اوقات میں مختلف بتارہا تھا۔

ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ پولیس کو نور مقدم پر تشدد کے وڈیو شواہد بھی مل گئے جس میں ملزم مقتولہ پر تین گھنٹے تک تشدد کرتا رہا جبکہ مقتولہ نورمقدم ملزم کے تشدد سے بھاگ کر بالکنی کے ذریعے گارڈ تک پہنچی۔

ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ مقتولہ نے جان بچانے کیلئے خود کو سیکورٹی کیبن میں چھپالیا، ملزم ظاہر جعفر نے آکر سیکورٹی کیبن سے مقتولہ کو کھینچ کر نکالااور گھسیٹتا ہوا اپنے کمرے میں لے گیا۔

پولیس نے مقدمے میں مزید چار اہم ترین دفعات شامل کر لیں، پولیس کا کہنا ہے کہ نور مقدم ‏قتل کیس میں اعانت جرم، جرم چھپانا اور شواہد پر پردہ ڈالنے کی دفعات شامل کی گئی ہے۔

پولیس نے مزید کہا کہ موت کی وجہ بذریعہ مجسٹریٹ معلوم کرانے اور مجرم کو بچانے کیلئے ‏ثبوت مٹانا یا جھوٹی اطلاع دینے کی دفعات بھی شامل کی گئیں ہیں تاہم کیس میں مزید ملزمان کی ‏گرفتاری کے بعد نئی دفعات شامل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

The post پولیس کو نور مقدم پر تشدد کے ویڈیو شواہد مل گئے appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email