مسلم لیگ ن انتخابی مہم کے آغاز سے ہی بھارت کا بیانیہ پیش کر رہی ہے، علی امین گنڈاپور

وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان علی امین خان گنڈاپور کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ ن انتخابی مہم کے آغاز سے ہی بھارت کا بیانیہ پیش کر رہی ہے۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان علی امین خان گنڈاپور نے آزاد کشمیر کے انتخابات سے متعلق اپنے بیان میں کہا کہ مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی پولنگ شروع ہونے سے پہلے ہی دھاندلی کا واویلا مچانا شروع ہو گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے پہلے ہی اس خدشے کا اظہار کیا تھا کہ یہ انتخابات میں دھاندلی کا رونا روئیں گے، گلگت بلتستان میں بھی انہوں نے شکست کو دیکھتے ہوئے دھاندلی کا رونا شروع کر دیا تھا۔

علی امین گنڈاپور نے کہا کہ مسلم لیگ ن کے ٹکٹ ہولڈر اسماعیل گجر کے بیان کی شدید مذمت کرتے ہیں، اسماعیل گجر کا بیان ظاہر کرتا ہے کہ ان کے بھارت کے ساتھ گہرے مراسم ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ نون اور پیپلز پارٹی کی پی ٹی آئی کے کارکنوں کے خلاف غنڈاگردی جاری ہے، اب تک پی ٹی آئی کے دو کارکن اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر چکے ہیں، اس وقت تک مختلف واقعات میں پی ٹی آئی کے سات کارکن زخمی بھی ہوچکے ہیں، پی ٹی آئی کے ایک کارکن کو چوہدری یاسین کے بیٹے نے خود فائرنگ کرکے شہید کیا، چوہدری یاسین کے بیٹے نے اپنی فائرنگ سے متعدد پی ٹی آئی کے کارکنوں کو زخمی بھی کیا ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ آزاد کشمیر کی عوام تحریک انصاف کو بھرپور سپورٹ کر رہی ہیں، ہم صاف شفاف اور پرامن انتخابات کے حامی ہیں، شکست کو دیکھتے ہوئے مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی اپنی غنڈا گردی سے بدامنی پھیلانا چاہتی ہے۔

علی امین خان گنڈاپور کا کہنا ہے کہ کپتان کا بھرپور ساتھ دینے پر آزاد کشمیر کی عوام کا شکریہ ادا کرتے ہیں، کشمیریوں نے ثابت کر دیا کہ عمران خان ان کا سفیر اور حقیقی رہنما ہے، آزاد کشمیر کی عوام کی جانب سے دیئے گئے مینڈیٹ کا بھرپور احترام کریں گے۔

وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان علی امین خان گنڈاپور نے مزید کہا کہ آزاد کشمیر کی عوام نے مودی کے یاروں کو مسترد کر کے بھارت کو بھی واضح پیغام دیا ہے، کشمیری عوام  نے بھرپور سیاسی بصیرت کا مظاہرہ کیا ہے، آزاد کشمیر میں فرسودہ سیاسی نظام دفن ہو چکا ہے، آزاد کشمیر کی عوام نے آزاد کشمیر کو لاڑکانہ بننے سے بھی بچا لیا ہے۔

The post مسلم لیگ ن انتخابی مہم کے آغاز سے ہی بھارت کا بیانیہ پیش کر رہی ہے، علی امین گنڈاپور appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email