پیگاسس کے ذریعے عمران خان سمیت متعدد لوگوں کے فون ہیک کیے گئے، شہزاد اکبر

وزیراعظم کے مشیر برائے احتساب و داخلہ شہزاد اکبر نے کہا کہ پیگاسس کے ذریعے عمران خان سمیت متعدد لوگوں کے فون ہیک کیے گئے۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم کے مشیر برائے احتساب و داخلہ شہزاد اکبر نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ کچھ عرصے پہلے ای یو ڈس انفو لیب کی پوری تفصیلات سامنے آئی تھی، پیگاسس پاناما لیکس سے بھی بڑا اسکینڈل ہے۔

انہوں نے کہا کہ رپورٹ میں معلوم ہوا کچھ ممالک نے اس سافٹ ویئر کو استعمال کیا ہے، پیگاسس سے ایک میسج کے ذریعے موبائل فون کو ہیک کیا جاسکتا ہے، بھارت نے پیگاسس کے ذریعے اپنے سیاسی حریفوں سمیت پاکستان کو ٹارگٹ کیا، پاکستان سمیت 10 ممالک کے وزیراعظم کو ٹارگٹ کیا گیا۔

شہزاد اکبر کا کہنا ہے کہ این ایس او کا اسپائی ویئر کسی ملک کو صرف دہشتگردوں کے خلاف استعمال کرنے کیلئے بیچا جاتا ہے، پہلے بھی اطلاعات تھیں کہ سینئر اعلیٰ حکام کی جاسوسی کی گئی، پیگاسس سے عمران خان سمیت متعدد اعلیٰ حکام کے فون ہیک کیے گئے، اس سافٹ ویئر کے ذریعے صرف ایک میسج آتا ہے جسے کھولتے ہی فون ہیک ہو جاتا ہے۔

وزیراعظم کے مشیر برائے احتساب و داخلہ نے کہا کہ سافٹ ویئر کے ذریعے فون کا تمام ڈیٹا اور کیمرا تک کمپنی کے استعمال میں آجاتا ہے، ابھی تک کی رپورٹ پر فرانس نے تحقیقات کا آغاز کیا ہے، پاکستان بھی اس معاملے کی تحقیقات کرنے جا رہا ہے، کمیٹی تحقیقات سے پتہ لگائے گی کہ کون سے حکام کے فون ہیک کیے گئے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایجنسیوں کے علاوہ ایف آئی اے، وزارت داخلہ اور کابینہ ڈویژن کے حکام بھی اس کمیٹی میں شامل ہوں گے، اس معاملے کے حوالے سے مختلف آپشن زیرغور ہیں، اسکینڈل کو اقوام متحدہ اور یورپی یونین کے فورمز پر اٹھانے کے آپشن زیرغور ہیں۔

وزیراعظم کے مشیر برائے احتساب و داخلہ شہزاد اکبر نے مزید کہا کہ پاکستان اس حملے کو پاکستان کی خودمختاری پر حملہ سمجھتا ہے، پاکستان بھارت کے خلاف قانونی چارہ جوئی کرے گا، اس سارے معاملے کی تحقیقات میں 2 سے  3ماہ لگ سکتے ہیں، اقوام متحدہ سے بھی معاملے کی انٹرنیشنل سطح پر تحقیقات کا مطالبہ کر چکے ہیں۔

The post پیگاسس کے ذریعے عمران خان سمیت متعدد لوگوں کے فون ہیک کیے گئے، شہزاد اکبر appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email