مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل ہونا چاہیے، طاہر اشرفی

وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے مذہبی ہم آہنگی حافظ طاہرمحمود اشرفی نے کہا کہ مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل ہونا چاہیے۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے مذہبی ہم آہنگی حافظ طاہرمحمود اشرفی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ملک کے سیاستدانوں سے اپیل کرتا ہوں کشمیر پوری قوم کا مسئلہ ہے، خدارا کشمیر کے مسئلے کو متنازعہ نہ بنائیں۔

انہوں نے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اس سے کوئی غداری نہیں کرسکتا، وزیراعظم عمران خان نے کشمیر کا مسئلہ پوری دنیا کے سامنے اجاگرکیا ہے، کشمیریوں کا معاملہ حل کرنا عالمی دنیا کی ذمہ داری ہے۔

طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ سیاستدانوں سے درخواست کروں گا کہ کشمیر پر کوئی ایسی بات نہ کریں جن سے دشمن خوش ہوں، بعض سیاستدان بلاوجہ کشمیر کے مسئلے کو متنازعہ بنانے کی کوشیش کر رہے ہیں، عمران خان نے درست کہا ہے کہ کون کشمیر کو صوبہ بنانے جا رہا ہے، افغانستان کے حالات پر ہمیں متفقہ طور پر پالیسی بنانی چاہیے، کشمیر اور افغانستان ہمارا متفقہ مسئلہ ہے، جو متفقہ مسائل ہیں ان کو متنازعہ نہیں بنانا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران امن وامان کے لیے پیغام پاکستان ضابطہ اخلاق عوام کے پاس لیکر جا رہے ہیں، متحدہ علماء بورڈ کے وفود 27 جولائی سے مختلف اضلاع کے دورے کریں گے۔

طاہر محمود اشرفی کا کہنا ہے کہ محرم الحرام میں ایک دوسرے کے مسالک اور نظریات کا احترام کیا جائے گا، کسی بھی مذہب اور مسلک کے مقدسات کی توہین نہیں کی جائے گی، پاکستان میں بسنے والے تمام شہریوں کو اپنے مذہب اورعقیدے کے مطابق زندگی گزارنے کا حق ہے۔

وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے مذہبی ہم آہنگی حافظ طاہرمحمود اشرفی نے مزید کہا کہ خواتین کو وارثت میں انکا حق شریعت نے دیا ہے، حکومت، فوج اور سیکیورٹی اداروں کے خلاف مسلح جدوجہد بغاوت ہے، ایسا جہاد جس میں قتال ہو اس کا اختیار صرف حکومت کے پاس ہے۔

The post مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل ہونا چاہیے، طاہر اشرفی appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email