کورونا وائرس کی روک تھام کیلئے ایس او پیز پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے، عارف علوی

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ کورونا وائرس کی روک تھام کیلئے ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔

تفصیلات کے مطابق صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی زیر صدارت گورنر ہاﺅس میں اعلیٰ سطحی اجلاس ہوا جس میں صدر مملکت نے کہا کہ عوام این سی او سی کی ہدایات پر سختی سے عملدرآمد کریں۔

اجلاس میں وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر، گورنرسندھ عمران اسماعیل، رکن قومی اسمبلی جے پرکاش ، رکن سندھ اسمبلی فردوس شمیم نقوی، سعید آفریدی ، خرم شیر زمان اور سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حلیم عادل شیخ بھی شریک تھے۔

اس موقع پر وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر نے کورونا وائرس کی صورتحال خصوصاً چوتھی لہر میں انڈین وائرس کی موجودگی کے حوالے سے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کو تفصیلی طور پر آگاہ کیا۔

ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ جتنی جلد ممکن ہو سکے عوام ویکسین لگوائیں۔

گورنرسندھ عمران اسماعیل نے صدر مملکت کو ہدایت دی کہ محرم الحرام سے قبل مختلف مکاتب فکر کے علماء کے ساتھ اجلاس کا انعقاد کریں۔

ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ محرم الحرام کے ایام میں مذہبی مقامات اور اجتماعات میں ایس او پیز پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے، اس مشکل وقت میں عوام ذمہ داری کا مظاہرہ کریں، موثر حکمت عملی کے ذریعے سے ہی غربت کا خاتمہ اور پائیدار ترقی ممکن ہے۔

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے مزید کہا کہ کراچی اور صوبے کے دیگر اضلاع کی ترقیاتی اسکیموں کے حوالے سے وفاقی حکومت کی کاوشیں قابل ستائش ہیں۔

دوسری جانب گورنرسندھ عمران اسماعیل نے کہا کہ عوام ماسک کا استعمال کریں، رش سے دور رہیں اور ویکسین ضرور لگوائیں، پائیدار منصوبے اور اقدامات سے صوبے کی ماحولیاتی ، معاشی اور سماجی مسائل کا حل یقینی بنانا ہے۔

اس موقع پر وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر کا کہنا ہے کہ وفاقی حکومت صوبہ سندھ میں پائیدار ترقی کے ایجنڈا پر کام کررہی ہے، دو جہتی حکمت عملی کے ذریعے بڑے شہروں اور سیاحتی مقامات پر سختی سے ایس او پیز پر عملدرآمد کروا رہے ہیں۔

The post کورونا وائرس کی روک تھام کیلئے ایس او پیز پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے، عارف علوی appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email