وکی پیڈیا سے متعلق چند دلچسپ حقائق

اکیسویں صدی کے آغاز کے ساتھ ہی معلومات تک رسائی کی ایک بے مثال ویب سائٹ وجود میں آئی، جسے وکی پیڈیا کا نام دیا گیا، دنیا میں معلومات کا یہ اپنی مثال آپ بڑا ذخیرہ ہے۔

15 جنوری 2001 کو دو امریکی انٹرپرینیورز جمی ویلز اور لیری سینگر نے ایک آن لائن انسائیکلوپیڈیا کا آغاز کیا تھا جسے وکی پیڈیا کا نام تھے۔

آج ہم آپ کو وکی پیڈیا سے متعلق چند دلچسپ حقائق بتا رہے ہیں جو کہ مندرجہ ذیل ہیں۔

وکی پیڈیا پر دنیا کی 300 سے زیادہ زبانوں میں 55 ملین سے زیادہ مضامین موجود ہیں، ان میں اردو، سندھی، پنجابی اور پشتو بھی شامل ہیں۔

وکی پیڈیا پر ہر مہینے 2 لاکھ 80 ہزار سے زیادہ ایڈیٹرز اپنا حصہ ڈالتے ہیں۔

وکی پیڈیا تک ہر مہینے ڈیڑھ ارب سے زیادہ ڈیوائسز رسائی حاصل کرتی ہیں۔

وکی پیڈیا دنیا میں سب سے زیادہ دیکھی جانے والی 10 ویب سائٹس میں شامل ہے لیکن واحد ویب سائٹ ہے جسے ایک نان پرافٹ ادارہ چلاتا ہے۔

وکی پیڈیا منافع کے لیے چلایا جانے والا ادارہ نہیں ہے، اس لیے اس کے اخراجات عام لوگ برداشت کرتے ہیں۔

گزشتہ سال تقریباً 70 لاکھ لوگوں نے وکی پیڈیا کو مالی امداد دی۔

آپ کے خیال میں وکی پیڈیا پر پہلا مضمون کس شخصیت پر لکھا گیا ہوگا؟ حیران کُن طور پر یہ کوئی آج کی یا ماضی کی عالمی سطح پر معروف شخصیت نہیں ہے بلکہ 18 ویں صدی کے ایک اسکاٹش فلسفی تھامس ریڈ ہیں۔

وکی پیڈیا کتنا اثر انگیز ہے؟ اس کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ مختلف سیاحتی مقامات اور شہروں کے مضامین میں آنے والی تبدیلیاں وہاں کی سیاحت پر بھی اثر ڈالتی ہیں۔

اٹلی میں ہونے والی ایک تحقیق کے مطابق کسی سیاحتی مقام کے بارے میں وکی پیڈیا پر تحریر کا رحجان مثبت ہو تو وہاں سیاحوں کے قیام کی شرح میں 9 فی صد اضافہ ہو جاتا ہے۔

2017 میں ایک خلا باز پاؤلو نیسپولی نے انٹرنیشنل اسپیس اسٹیشن پر قیام کے دوران اپنی آواز ریکارڈ کروائی تاکہ اسے ان پر لکھی گئی وکی پیڈیا تحریر میں شامل کیا جا سکے۔

یہ وکی پیڈیا کے لیے ایک سنگِ میل تھا کیوں کہ پہلی بار خلا سے پیش کیا گیا مواد وکی پیڈیا پر شامل ہوا تھا۔

ہر سال وکی پیڈیا کے صارفین دنیا کا سب سے بڑا تصویری مقابلہ Wiki Loves Monuments منعقد کرتے ہیں۔

2010 سے اب تک 40 سے زیادہ ملکوں کے 60 ہزار سے زائد شرکا اس مقابلے میں حصہ لے چکے ہیں، جن میں 17 لاکھ سے زیادہ تصاویر پیش کی گئی ہیں۔

وکیپیڈیا کی ہر تحریر کی مکمل تاریخ View history یا اردو میں ’تاریخچہ‘ کے ٹیب میں موجود ہوتی ہے، اس میں آپ دیکھ سکتے ہیں کہ ہر تحریر مرحلہ وار کس طرح لکھی گئی، اس میں کب، کب اور کس، کس نے اور کتنا حصہ ڈالا۔

وکی پیڈیا پر نا صرف تحاریر اور تصاویر بلکہ اس کو لکھنے اور پیش کرنے کے قواعد، ضوابط اور رہنما ہدایات تک سب کچھ رضاکار ہی کرتے ہیں۔

وکی پیڈیا پر ہر سیکنڈ میں 1.9 سے زیادہ ایڈٹس ہوتے ہیں یعنی اگر آپ کو ایک تحریر پڑھنے میں پانچ منٹ لگتے ہیں تو اتنی دیر میں وکی پیڈیا پر 570 ایڈٹس ہو چکے ہوتے ہیں۔

The post وکی پیڈیا سے متعلق چند دلچسپ حقائق appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email