کراچی میں انٹر کے امتحانات کی تاریخ کا اعلان

کراچی میں انٹر کے امتحانات کی تاریخ کا اعلان کردیا گیا ہے۔

چئیرمین انٹر بورڈ پروفیسر ڈاکٹر سعید الدین کا کہنا ہے کہ شہر میں انٹر کے امتحانات 26 جولائی سے شروع ہورہے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق چئیرمین انٹر میڈیٹ بورڈ پروفیسر ڈاکٹر سعید الدین نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ کراچی میں 26 جولائی سے انٹر کے امتحانات شروع ہورہے ہیں اور امتحانات ختم ہونے کے دو مہینے بعد نتائج کا اعلان کردیں گے تاہم اگر کورونا کی صورتحال خطرناک ہوئی تو سندھ حکومت کا جو فیصلہ ہوگا اس پر عمل کریں گے۔

چئیرمین انٹر میڈیٹ بورڈ نے کہا کہ اس سال ایک لاکھ 12 ہزار 600 طالبعلم امتحان دیں گے جن کے لئے 201 امتحانی مراکز بنائے گئے ہیں اور ان میں سے 66 حساس قرار دئیے گئے ہیں۔

ڈاکٹر سعیدالدین نے یہ بھی کہا کہ پرچے صبح اور شام کی شفٹ میں لئے جائیں گے، نقل کی روک تھام کے لئے خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں جبکہ 2 شکایتی سیل بھی بنائے گئے ہیں۔

چئیرمین انٹر میڈیٹ بورڈ کا کہان تھا کہ امتحانی مراکز کے قریب فوٹو اسٹیٹ مشینیں نہیں ہوں گی، امتحانی مراکز میں موبائل فون لانے کی اجازت نہیں ہوگی اور اگر کوئی طالبعلم موبائل فون لائے گا تو اس کا پرچہ منسوخ کردیا جائے گا۔

ڈاکٹر سعید الدین کا یہ بھی کہنا تھا کہ ہمیں نقل کو روکنے کے لئے پیپر پیٹرن بھی تبدیل کرنا پڑے گا جبکہ پرچہ آؤٹ نہ ہونے کے لیے اسکول پرنسپل اور ویجیلنس آفیسرز کو احکامات جاری کردئیے ہیں۔

پروفیسر ڈاکٹر سعید الدین نے کہا کہ آئندہ سالوں میں آن لائن فارم جمع کرانے کا سسٹم نافذ کریں گے جس سے انسانی غلطیوں میں کمی آئے گی۔

چئیرمین انٹر میڈیٹ بورڈ پروفیسر ڈاکٹر سعید الدین نے مزید کہا کہ اگلے امتحانات میں بی کاپی کا سسٹم بھی ختم کریں گے اور 28 پیج کی کاپی کو 36 پیج کا کردیں گے۔

The post کراچی میں انٹر کے امتحانات کی تاریخ کا اعلان appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email