افغانستان میں بدامنی اور تنازعات پاکستان کے مفاد میں نہیں، وزیراعظم

وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ افغانستان میں بدامنی اور تنازعات پاکستان کے مفاد میں نہیں۔

تفصیلات کے مطابق امریکی خصوصی ایلچی برائے افغانستان زلمے خلیل زاد کی وزیراعظم عمران خان سے ملاقات ہوئی جس میں افغانستان کی موجودہ صورتحال پر گفتگو کی گئی جبکہ افغان امن عمل کو مزید تیز کرنے پر زور بھی دیا گیا۔

ملاقات میں وزیراعظم عمران خان نے افغان امن عمل میں پاکستان کے کردار سے آگاہ کیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ افغانستان میں بدامنی سے پاکستان کو سیکیورٹی چیلنجز کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے، افغانستان میں بدامنی اور تنازعات پاکستان کے مفاد میں نہیں۔

عمران خان نے یہ بھی کہا کہ افغان تنازعے کا کوئی فوجی حل نہیں، طاقت کے زور پر حکومت مسلط کرنے سے مسئلہ حل نہیں ہوگا۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ محفوظ مغربی بارڈر ہی پاکستان کے مفاد میں ہے، صرف مزاکرات ہی افغانستان میں امن اور استحکام لا سکتے ہیں۔

عمران خان کا یہ بھی کہنا تھا کہ وزیراعظم نے تمام افغان اسٹیک ہولڈرز سے لچک کا مظاہرہ دکھانے پر زور دیا اور کہا کہ افغانستان کے ہمسایہ ممالک دیرپا سیاسی تصفیہ کے لئے تعمیری طور پر مل کر کام کریں۔

وزیراعظم عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ پر امن افغانستان سے خطے میں معاشی تعاون کے مواقع پیدا ہوں گے ۔پاکستان امن کے لیے امریکہ اور دیگر متعلقہ ممالک سے رابطے میں رہے گا۔

The post افغانستان میں بدامنی اور تنازعات پاکستان کے مفاد میں نہیں، وزیراعظم appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email