عوام چیخنے چلانے سے نہیں بلکہ کردار سے متاثر ہوتی ہے، تنویر الیاس

وزیراعلیٰ پنجاب کے معاون خصوصی سردار تنویرالیاس خان نے کہا ہے کہ عوام چیخنے چلانے سے نہیں بلکہ کردار سے متاثر ہوتی ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب کے معاون خصوصی سردار تنویرالیاس خان نے مریم نواز کے باغ جلسے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ میں باغ آزاد کشمیر کی عوام کو مشکور ہوں کہ جنہوں نے ملک مخالف بیانیے کو مسترد کر دیا۔

معاون خصوصی نے کہا کہ باغ کے عوام کے شعور کو سلام پیش کرتا ہوں جنھوں نے سیاسی اداکارہ کے ڈرامے کو ناکام بنادیا، باغ کے ناکام جلسے کی بوکھلاہٹ مریم نواز کی تقریر میں واضح نظر آئی۔

سردار تنویرالیاس خان نے یہ بھی کہا کہ مریم صاحبہ، باغ سمیت آزاد کشمیر بھر کے عوام وزیراعظم عمران کو اپنا محسن سمجھتے ہیں اور اگر آپ کو کل کا تاریخ ساز جلسہ ناکام دکھائی دے رہا ہے تو اپنی آنکھوں یا دماغ کا علاج کروائیں۔

سردار تنویرالیاس خان کا کہنا تھا کہ مریم صفدر صاحبہ، میرا اور میرے خاندان کا سیاست سے آج کا نہیں بلکہ عشروں سے تعلق ہے، میرا پورا خاندان باغ آزاد کشمیر کا باعزت گھرانہ ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب کے معاون خصوصی کا یہ بھی کہنا تھا کہ مجھے اے ٹی ایم کہنے والے ذرا اپنے گریبان میں جھانکیں، اپنے والد کی طرح دوسروں کو نہ سمجھیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب کے معاون خصوصی سردار تنویرالیاس خان کا مزید کہنا تھا کہ مریم صفدر صاحبہ،آپ اور آپ کے والد کو اے ٹی ایمز کی ضرورت ہوتی ہے خان کو نہیں۔میں وزیراعظم عمران خان کا سپاہی ہوں، اے ٹی ایم نہیں۔

The post عوام چیخنے چلانے سے نہیں بلکہ کردار سے متاثر ہوتی ہے، تنویر الیاس appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email