ہمارا عزم عوام کی خدمت کرنا ہے، علی امین گنڈاپور

وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان علی امین خان گنڈاپور نے کہا ہے کہ ہمارا عزم سیاست کو عبادت سمجھ کر عوام کی خدمت کرنا ہے۔

تفصئلات کے مطابق وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان علی امین خان گنڈاپور نے پٹہکہ آزاد کشمیر میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سابق حکمرانوں کے غلط فیصلوں نے ہمیں غلام بنا دیا ، سابق حکمرانوں کے غلط فیصلوں کی وجہ سے ہزاروں پاکستانی شہید ہوئے۔

وفاقی وزیر امور کشمیر نے کہا کہ عمران خان نے دنیا کو منوایا ہے کہ ہم پر امن اور غیرت مند قوم ہیں، عمران خان نے ہمیشہ سچے سفیر کی طرح دنیا کے ہر فورم پر کشمیریوں کی ترجمانی کی ہے۔

علی امین خان گنڈاپور نے یہ بھی کہا کہ بھٹو نے مسئلہ کشمیر کو دوطرفہ مسئلہ بنا دیا ، مریم نواز اس وقت کہاں تھی جب ایک طرف کشمیریوں پر مظالم ڈھائے جا رہے تھے، دوسری جانب شریف خاندان نے مودی کو شادی پر دعوت دے رکھی تھی۔

وفاقی وزیر امور کشمیر کا کہنا تھا کہ عمران خان واضح کر چکے ہیں کہ کشمیریوں کے حق خودارادیت کے نتیجے میں فیصلے کا مکمل احترام کریں گے۔

علی امین خان گنڈاپور کا یہ بھی کہنا تھا کہ پاکستان اور بھارت ایٹمی ممالک ہیں ، مسئلہ کشمیر کا مسلسل التوا خطے کی تباہی کا سبب بن سکتا ہے، پاکستان کشمیریوں کو حق خودارادیت دلوانے کے لیے ہر حد تک جائے گا۔

وفاقی وزیر امور کشمیر نے کہا کہ پاکستان اور کشمریوں کے بچوں کا خون چوسنے والے کرپٹ حکمرانوں کو ہر گز معاف نہیں کریں گے۔

علی امین خان گنڈاپور نے یہ بھی کہا کہ آپ نے عمران خان کے وژن کو ووٹ دینا ہے ، اپنے بچوں کے بہترین مستقبل کے لیے تحریک انصاف کو ووٹ دیں۔

وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان علی امین خان گنڈاپور کا مزید کہنا تھا کہ ہم نے گلگت بلتستان کو 370 ارب روپے کا ترقیاتی پیکیج دیا ہے، ہم آزاد کشمیر کو 500 ارب کا ترقیاتی پیکیج دیں گے۔

The post ہمارا عزم عوام کی خدمت کرنا ہے، علی امین گنڈاپور appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email