پاکستان مسلم لیگ ن اپنی بقا کی جنگ لڑ رہی ہے ، شبلی فراز

وزیر سائنس و ٹیکنالوجی شبلی فراز نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ ن اپنی بقا کی جنگ لڑ رہی ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیر سائنس و ٹیکنالوجی شبلی فراز نے مریم نواز کے خطاب پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ نوازشریف صاحب کی بیٹی کہتی ہیں کہ وہ بہادر ہیں ، نواز شریف صاحب اگر بہادر ہیں تو بہادر شخص تو بھاگ کر نہیں جاتا۔

انہوں نے کہا کہ وہ لندن بھاگ کر چلے گئے اور وہاں پر تعیش زندگی گزار رہے ہیں ، نواز شریف پولو میچز دیکھنے جاتے ہیں ، شاپنگ بھی کرتے ہیں ، نواز شریف سردی کے ماحول میں بیٹھے کس قسم کی قربانی دے رہے ہیں۔

وزیر سائنس و ٹیکنالوجی نے کہا کہ اس ملک میں اداروں کو تباہ کیا گیا ، قانون ان کیلئے کچھ اور تھا اور باقی لوگوں کیلئے کچھ اور تھا ، انہوں نے قبضہ مافیا اور جرائم پیشہ افراد کی سرپرستی کی ، ان کے معاشی حالات بہتر ہوئے لیکن ملک پیچھے چلا گیا۔

شبلی فراز نے کہا کہ ن لیگ گروپ بندی اور اندرونی خلفشار کی شکار ہے ، نواز شریف کا گروپ الگ ہے، شہباز شریف اور شاہد خاقان کے الگ گروپ ہیں ،  ہم نے پی ڈی ایم میں دیکھ لیا ان حالات میں ان کو پذیرائی نہیں مل رہی ، پی ڈی ایم کی ناکامی کی بنیادی وجہ پاکستان مسلم لیگ ن تھی۔

انہوں نے کہا کہ لگتا ہے پیپلز پارٹی نے طے کرلیا آزادکشمیر الیکشن میں برائے نام حصہ لیں گے ، ہم نے کشمیر کے لوگوں کو بتانا ہے کہ ماضی کی حکومتوں نے ان کیلئے کیا کیا ، ہم نے کشمیر کی آواز اقوام متحدہ اور دیگر اداروں میں اٹھائی۔

وزیر سائنس و ٹیکنالوجی شبلی فراز نے کہا کہ کشمیر کی عوام نے دونوں حکومتیں دیکھ لی ہیں ، دونوں حکومتوں نے اقتدار کے مزے لوٹے اور عوام کیلئے کچھ نہیں کیا ، نہ دونوں جماعتوں نے خطے کی عوام کیلئے کچھ کیا اور نہ ہی کشمیر کاز کیلئے۔

The post پاکستان مسلم لیگ ن اپنی بقا کی جنگ لڑ رہی ہے ، شبلی فراز appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email