پاکستان پرامن ومستحکم افغانستان کی حمایت جاری رکھے گا، وزیر خارجہ

وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان پرامن ومستحکم افغانستان کی حمایت جاری رکھے گا۔

تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی چین کے اسٹیٹ کونسلر اور وزیر خارجہ وینگ ای سے ملاقات ہوئی جس میں پاکستان اور چین کے دوطرفہ تعلقات، سی پیک، باہمی دلچسپی کے علاقائی اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

‏ملاقات میں وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے چینی وزیر خارجہ سے آج اپر کوہستان کے علاقے داسو میں ڈیم منصوبے کے قریب پیش آنے والے بس حادثے اور چینی شہریوں کے جانی نقصان پر اظہار تعزیت کیا۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان اور چین آئرن برادرز ہیں، سدا بہار سٹرٹیجک کوآپریٹو شراکت داری کے عظیم بندھن میں بندھے ہیں۔

شاہ محمود قریشی نے یہ بھی کہا کہ پاکستان اور چین نے ایک دوسرے کے مفادات کے معاملات پر ایک دوسرے کی حمایت کی ہے۔

وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ کورونا وباء کی مشکلات کے باوجود سی پیک منصوبے مستحکم رفتار سے آگے بڑھ رہے ہیں جبکہ کورونا وباء کے دوران بھی پاکستان اور چین کے قریبی رابطے اور دوطرفہ تعلقات وباہمی دلچسپی کے امور پر ہم آہنگی برقرار رہی۔

شاہ محمود قریشی کا یہ بھی کہنا تھا کہ سی پیک دونوں ممالک کے لئے تبدیلی کا مظہر منصوبہ ہے۔ چین اور پاکستان کے تعلقات خطے اور دنیا میں امن، استحکام اور خوش حالی کی بنیاد ہیں۔

 وزیر خارجہ نے افغان تنازعہ کے مذاکرات کے ذریعے سیاسی تصفیہ کے لئے پاکستان کی کوششوں سے آگاہ کیا اور کہا کہ افغان تنازعہ کا سیاسی حل ناگزیر ہے۔

 شاہ محمود قریشی نے مقبوضہ جموں وکشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے متعلق چینی وزیر خارجہ کو آگاہ کیا۔

وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے مزید کہا کہ جنوبی ایشیاءمیں پائیدار امن کے لئے تنازعہ جموں وکشمیر کا اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حل ناگزیر ہے۔

The post پاکستان پرامن ومستحکم افغانستان کی حمایت جاری رکھے گا، وزیر خارجہ appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email