وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی قزاقستان کے وزیرخارجہ سے ملاقات

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے تاجکستان میں شنگھائی تعاون تنظیم کے وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس کے موقع پر قزاقستان کے وزیر خارجہ مختار تیلوبردی سے ملاقات کی۔

ملاقات میں دونوں وزرائے خارجہ کے مابین دو طرفہ تعلقات ،علاقائی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

دونوں وزرائے خارجہ نے باہمی دلچسپی کے شعبوں میں دو طرفہ تعاون بڑھانے کیلئے مشترکہ کوششیں بروئے کار لانے پر اتفاق کیا جبکہ دو طرفہ تعلقات کے استحکام کیلئے دونوں ممالک کے مابین مختلف اعلیٰ سطحی وفود کے تبادلوں اور مشاورتی سلسلہ جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیا۔

اس موقع پر دونوں وزرائے خارجہ نے شنگھائی تعاون تنظیم اور سیکا سمیت پاکستان اور قزاقستان کے مابین، بین الاقوامی فورمز پر، دو طرفہ تعاون کی تعریف کی۔

ملاقات میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے قزاقستان کے وزیر خارجہ کو افغانستان میں امن کے قیام کے لئے پاکستان کی مصالحانہ کوششوں سے آگاہ کیا جبکہ وزیراعظم عمران کے جیو اکنامک وژن کے خدوخال سے بھی آگاہ کیا۔

شاہ محمود قریشی نے پاکستان اور قزاقستان کے مابین کثیرالجہتی تعلقات کے فروغ کے لئے، باقاعدگی کے ساتھ اعلیٰ سطحی روابط اور اجلاسوں کے انعقاد کی ضرورت پر زور دیا۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان اور قزاقستان کے مابین دو طرفہ برادرانہ تعلقات مشترک مذہبی و ثقافتی اقدار کی بنیاد پر استوار ہیں۔

شاہ محمود قریشی نے یہ بھی کہا کہ بین الاقوامی فورمز پر باہمی دلچسپی کے اہم علاقائی و عالمی امور کے حوالے سے پاکستان اور قزاقستان کے نقطہ نظر میں ہم آہنگی اور مماثلت خوش آئند ہے۔

وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے مزید کہا کہ علاقائی روابط کا فروغ انتہائی اہمیت کا حامل ہے ، پاکستان اور قزاقستان کو مل کر اس حوالے سے مشترکہ کوششیں بروئے کار لانی چاہیے۔

اس موقع پر قزاقستان کے وزیرخارجہ نے افغانستان سمیت خطے میں امن و استحکام کیلئے پاکستان کی کاوشوں کو سراہا۔

 قزاقستان کے وزیر خارجہ نے شاہ محمود قریشی کی تجویز سے اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے مابین تجارتی، اقتصادی و دو طرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کیلئے دو طرفہ فورمز کو مزید فعال آور متحرک بنانے کی ضرورت ہے۔

The post وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی قزاقستان کے وزیرخارجہ سے ملاقات appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email