وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کی ازبکستان کے وزیر خارجہ سے ملاقات

وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کی ازبکستان کے وزیر خارجہ عبدالعزیز کامیلوف سے ملاقات ہوئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کی دوشنبے میں منعقدہ شنگھائی تعاون تنظیم کی وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس کے موقع پر ازبکستان کے وزیر خارجہ عبدالعزیز کامیلوف سے ملاقات ہوئی جس میں دونوں وزرائے خارجہ نے دو طرفہ تعلقات کے فروغ کیلئے مشترکہ کاوشیں بروئے کار لانے پر اتفاق کیا۔

ملاقات میں دونوں وزرائے خارجہ کے مابین دو طرفہ تعلقات باہمی دلچسپی کے شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون کے فروغ اور مقبوضہ جموں و کشمیر سمیت علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر دونوں وزرائے خارجہ نے مستحکم دو طرفہ  تعلقات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے انہیں دونوں ممالک کی قیادت کی جانب سے خصوصی توجہ اور اہمیت کا مظہر قرار دیا۔

دونوں وزرائے خارجہ نے پاکستان اور ازبکستان کے درمیان زمینی و ہوائی روابط کے فروغ اور توانائی سے متعلقہ منصوبوں کو جلد پایہ تکمیل تک پہنچانے کیلئے اپنے عزم کا اظہار کیا۔

دونوں وزرائے خارجہ نے پاکستان اور ازبکستان کے مابین ایس سی او سمیت بین الاقوامی فورمز پر تعاون کو خوش آئند قرار دیا اور اسے مزید مستحکم بنانے کیلئے مشترکہ کوششیں بروئے کار لانے کی ضرورت پر زور دیا۔

اس موقع پر افغانستان کی بدلتی ہوئی صورتحال اور قیام امن کیلئے پاکستان کے مصالحانہ کردار پر بھی گفتگو ہوئی جس پر ازبکستان کے وزیر خارجہ نے افغانستان میں قیام امن کیلئے پاکستان کی کاوشوں کو سراہا۔

ازبکستان کے وزیر خارجہ نے پاکستان کے جیو اکنامک وژن کی تعریف کرتے ہوئے اسے ازبکستان کے اقتصادی وژن کے مطابق قرار دیا۔

ازبکستان کے وزیر خارجہ نے کہا کہ ان کی قیادت وزیر اعظم عمران خان، وزیر خارجہ اور پاکستانی وفد کی تاشقند میں منعقدہ کاسا کانفرنس میں آمد کے منتظر ہیں۔

The post وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کی ازبکستان کے وزیر خارجہ سے ملاقات appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email