کیا جمہوریت، کمیونزم کی بگڑی شکل ہے ؟

 "تمام جانور برابر ہیں لیکن کچھ جانور دوسروں سے زیادہ برابر ہیں”۔

یہ فقرہ جارج آرویل نے کمیونسٹ بانیوں کے لئے بطورِ طنز استعمال کیا تھا جنہوں نے کمیونسٹ ریاست کی بنیاد معاشرتی حالات کی برابری، معاشی برابری اور جاگیردارانہ نظام کے خاتمے پر رکھی تھی جس کا مقصد ہر فرد کو ضرورت کی بنیاد پر ضروریاتِ زندگی فراہم کرنا تھا۔

اشتراکیت اور مساوات کے یہ پہلو نہایت ہی پرکشش تھے جس کی وجہ سے روس میں انقلابات کا دور عام رہا۔ لوگوں کو یقین تھا کہ حالات کا رخ تبدیل ہوگا اور پسا ہوا طبقہ ابھرے گا۔ امیدیں بڑھ گئیں اور لوگوں کی جدو جہد رنگ لے آئی۔ کمیونسٹ ریاست "جسے ہم ایک گالی سمجھتے ہیں اور لادینی ریاست کا طعنہ دیتے ہیں”.  کا قیام عمل میں آیا۔ عوامی نفرت اس وقت ابھر کر سامنے آئی جب قیامِ ریاست کے مقاصد کا
حصول ممکن نہیں ہو سکا۔یہی فلسفہ کہ سب برابر کے شہری ہیں اور سب کو برابر حقوق حاصل ہیں جمہوریت کی بنیاد بنا۔ عوامی اختیار کہ جسے وہ چاہیں اپنا حکمران منتخب کریں جمہوریت کی روح کہلائی۔ ان ہی اصولوں کو بنیاد بنا کر مزید کچھ ترامیم کے ساتھ اسلامی جمہوریت کا نظریہ پیش کیا گیا اور یہی جمہوری نظام وطنِ عزیز میں رائج ہے۔

کہنے کو تو اس ریاست میں بھی سب برابر کے شہری ہے مگر جو امتیازی سلوک خواص اور عوام کے ساتھ برتا جاتا ہے یہ نہ غیر جمہوری رویہ ہے بلکہ اخلاقا ایک غیر انسانی فعل بھی ہیں۔

کہا جاتا ہے صرف دو ریاستوں کا قیام نظریے کی بنیاد پر ہوا جس میں ایک پاکستان ہے اور دوسرا اسرائیل۔ ہمیں نظریہ دینے والے محض حصولِ ریاست کے آرزومند ثابت ہوئے،جنہوں نے ہمارے ملک کو کوئی منصوبہ بندی نہیں دی اور نتیجہ یہ نکلا کہ آج ہم مسائل کے ایک نہ تھمنے والے طوفان اور نہ ختم ہونے والے دلدل میں اس طرح پھنس چکے ہیں کہ جس سے چھٹکارے کا راستہ دور دور تک نظر نہیں آتا۔ عوام کو اشرافیہ ان مسائل کی جڑ نظر آتی ہے جس کی وجہ سے منافرتی انقلاب کے آثار نظر آنے لگے ہیں۔

سب کو سب سے بڑا مسئلہ یہی نظر آتا ہے کہ سب برابر ہیں مگر کچھ زیادہ برابر ہیں اور یہی ‘کچھ’ ‘سب’ سے زیادہ مقدس ہوگئی ہے۔ اکثریت پِس رہی ہے اور اقلیت نے وسائل پر قابض ہونے کے ساتھ ساتھ اکثریت کے ٹکڑوں پر پل کر اپنی الگ وجود بنا ڈالی ہے تو سوال یہ ہے کہ ہم یہ دعا ہی کرتے رہے کہ "خدا رحم کرے”. یا پھر سوچیں کہ کیا جمہوریت کمیونزم کی بگڑی شکل ہے ؟

Print Friendly, PDF & Email