کہانیاں کیوں اہم ہے ؟

کہانی خیالی، روایتی یا حقیقت پر مبنی واقعات کو الفاظ کا لباس کا پہنانے کا نام ہے جو کسی کردار، وقت، جگہ یا کسی بھی موضوع وغیرہ کے گرد گھومتی ہے۔

کہانیوں میں دلچسپی انسان کے اندر فطری طور پر موجود ہوتی ہے جو بچپن سے ہی واضح ہونا شروع ہو جاتا ہے۔ انسان کی دلچسپی محض کہانیاں سننا ہی نہیں ہوتی، بلکہ کہانیاں سنانا بھی ہوتی ہے۔

میرے عظیم استاد نفسیات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کرتے تھے کہ انسان کو اپنے بارے میں کہانیاں سنانے کا بہت شوق ہوتا ہے، خاص کر دو قسم کی کہانیاں۔ ایک جس میں وہ ہیرو ہوتا ہے اور دوسری وہ جس میں وہ مظلوم ہوتا ہے۔

کہانیاں نہ صرف تفریح کا سامان مہیا کرتی ہیں بلکہ افکار کی بڑھوتری میں بھی مدد کرتی ہیں اور ہماری فہم و فراست اور سوچ و عقل کی افزائش میں اہم کردار کرتی ہیں۔ یہ ہمارے لئے ادبی اور زبانی انداز میں مختلف موضوعات کو بیان کرنے کی راہ ہموار کرتی ہیں۔ کہانیوں میں ذاتی جذباتی تعلق بھی پیش پیش ہوتی ہے۔

کہانیوں کے اندر اخلاقی اقدار و تربیت پوشیدہ ہوتی ہیں جو ہماری تعلیم کا بنیادی جزو ہیں۔ یہ ہمیں عالمگیر اسباق مہیا کرتی ہیں جن کی بدولت اپنی دنیا سے ہٹ کر مختلف دنیاؤں سے ہمارا واسطہ پڑتا ہے اور اپنی دنیا کو نئے ڈھنگ سے دیکھنے کا موقع میسر آتا ہے۔ یہ ہماری ذندگیوں پر گہرے اثرات مرتب کرتی ہیں۔

کہانیوں میں تاریخ موجود ہوتی ہے جس سے ہم معلومات کے ساتھ ساتھ اپنے آباؤاجداد کے ورثے اور معاشرتی اقدار کی قیمت سے ہم آہنگ ہوتے ہیں، ساتھ ہی ساتھ مختلف اقوام، ان کے نظریات، افکار اور اقدار سے روشناس ہوتے ہیں۔

کہانیوں میں تاثر، تحریک اور ترغیب بھی ہوتی ہے جو ہمارے فکری نشوونما کے لئے غذا کا کام دیتی ہیں۔ ان ہی وجوہات کی بنا پر اور ہماری فطری دلچسپی کی وجہ سے ہماری ابتدائی تعلیم میں بھی کہانیوں کو خاصی اہمیت حاصل ہے۔ اور شاید یہی وجوہات ہیں کہ آج دنیا میں سب سے زیادہ پڑھی جانے والی کتابوں میں سر فہرست کہانیاں ہی ہیں۔

دل کو اک بات کہہ سنانی ہے

ساری دنیا فقط کہانی ہے

جون ایلیا

Print Friendly, PDF & Email