وزیراعظم سے اتحادیوں کی ملاقات، اندرونی کہانی سامنے آ گئی

وزیراعظم عمران خان سے اتحادیوں نے ملاقات کی جس کی اندرونی کہانی سامنے آ گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان سے ملاقات میں اتحادیوں نے الیکٹرانک ووٹنگ مشین پر اعتماد میں نہ لینے کا معاملہ اٹھا دیا ، انہوں نے اہم قانون سازی پر اعتماد میں نہ لینے کا شکوہ کیا اور ای وی ایم پر تفصیلی بریفنگ کا مطالبہ بھی کیا۔

اتحادیوں کا کہنا ہے کہ حکومت اپنے طور پر اس قسم کے اہم فیصلوں سے گریز کرے ، آج تک اتحادیوں کو الیکٹرانک ووٹنگ مشین پر کوئی بریفنگ نہیں دی گئی ، ای وی ایم کے استعمال، طریقہ کار اور فنکشن پر تفصیلی بریفنگ دی جائے۔

ان کا کہنا ہے کہ یہ مشین پاکستان کے سیاسی انتخابی نظام پر کس حد تک موثر ہو گی ، یہ مشینیں کس حد تک محفوظ ہیں۔ دیہی علاقوں میں ان مشینوں کو کون استعمال کرے گا ، ان مشینوں کی خریداری پر کتنے اخراجات آئیں گے، سیکورٹی ذمہ داری کس کی ہو گی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم نے اتحادیوں کا مطالبہ مان لیا ، عمران خان نے وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کو اتحادیوں کو تفصیلی بریفنگ دینے کی ہدایات جاری کیں۔

اتحادیوں کا یہ بھی کہنا ہے کہ بطور اتحادی حکومت کی حمایت کریں گے ، ہمیں اس نظام کے طریقہ کار کا علم ہونا چاہیے۔

واضح رہے کہ اتحادیوں کو الیکٹرانک ووٹنگ مشین پر آئندہ ہفتے تفصیلی بریفنگ کا امکان ہے۔

The post وزیراعظم سے اتحادیوں کی ملاقات، اندرونی کہانی سامنے آ گئی appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email