وزیر اعظم کا وفاقی اداروں میں سہولت کار افسران مقرر کرنے کا حکم

وزیر اعظم عمران خان نے وفاقی اداروں میں سہولت کار افسران مقرر کرنے کا حکم دے دیا ہے۔

وزیراعظم نے ہدایت دی ہے کہ 39 وفاقی ڈویژنز میں اوورسیز پاکستانیوں کیلئے سہولت کار افسر مقرر کیا جائے۔

انہوں نے 13 وزارتوں کے 34 ذیلی اداروں میں خصوصی سیکشن اور ڈیسک قائم کرنے کا بھی حکم دے دیا ہے اور ان کی ہدایت پر وزیراعظم ڈلیوری یونٹ کی متعلقہ وزارتوں کو ہدایات جاری بھی کردی گئی ہیں۔

ترجمان وزیراعظم آفس کا کہنا ہے کہ سہولت کار افسران گریڈ 19 سے کم نہیں ہوں گے، وزارتیں سہولت کار افسران کی تعیناتی کو نوٹیفائی کریں، مخصوص سیکشن اور ڈیسک کے قیام کا بھی باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کیا جائے۔

مراسلے کے مطابق وفاقی ادارے سہولت کی فراہمی سے متعلق آگاہی کے لیے وزارت خارجہ، وزارت سمندر پار پاکستانی اور اطلاعات کو معلومات فراہم کریں۔

ترجمان وزیراعظم آفس نے کہا کہ اقدام کا مقصد سمندر پار پاکستانیوں کو دفاتر میں درپیش مسائل کا ازالہ کرنا ہے، تمام ڈویژنز 21 روز میں کارروائی مکمل کر کے رپورٹ دیں۔

وزیراعظم آفس کے ترجمان نے مزید کہا کہ اقدام سے سمندر پار پاکستانیوں کے لئے خدمات کی فراہمی اور دیگر امور سے متعلق آگاہی میں معاونت میسر ہوگی، وزارت خارجہ، اوورسیز پاکستانی اور اطلاعات و نشریات اپنے طور پر بھی سہولت کی آگاہی دیں۔

The post وزیر اعظم کا وفاقی اداروں میں سہولت کار افسران مقرر کرنے کا حکم appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email