ڈینگی کے خلاف ایکشن ناپ تول کر لیا جا رہا ہے ، حسان خاور

حسان خاور نے کہا ہے کہ ڈینگی کے خلاف ایکشن ناپ تول کر لیا جا رہا ہے۔

ترجمان حکومت پنجاب حسان خاور نے عظمیٰ بخاری کے بیانات پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن کے ترجمان تنقید کرنے میں شیر جبکہ دلائل دیتے وقت ڈھیر ہو جاتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سردار عثمان بزدار کے عوام دوست اقدامات کی طویل فہرست کسی سے ڈھکی چھپی نہیں ، کورونا کے دوران این سی او سی کے تعاون سے پنجاب حکومت نے بہترین کارکردگی دکھائی ، پنجاب کے کونے کونے میں ویکسینیشن کی وافر مقدار اور فنڈز موجود ہیں ، ریڈ ویکسینیشن مہم کے تحت روزانہ دس لاکھ لوگوں کو ان کے گھروں میں ویکسین لگائی جا رہی ہے۔

ترجمان حکومت پنجاب نے کہا کہ 12 نومبر تک جاری اس مہم سے صرف لاہور میں 8.6 ملین لوگ مستفید ہونگے ، گزشتہ بجٹ میں حکومت پنجاب نے 106 ارب روپے کا کوویڈ ریلیف پیکج دیا ، ڈینگی کے خلاف ایکشن ناپ تول کر لیا جا رہا ہے، صرف اسپرے کرنا اسکا حل نہیں۔

حسان خاور نے کہا کہ وزیرِ اعلیٰ آفس کے اخراجات میں کمی دیکھنے کے لیے تعصب کی عینک اتارنی پڑے گی ، ن لیگ بتائے انہوں نے ایسے کونسے طلسماتی کام کیے جن کے لیے پانچ کیمپ آفسز بنانے پڑے ، آج وہی سارے کام ایک سی ایم آفس پہلے سے کئی گنا کم اخراجات میں کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سی ایم آفس کے نان سیلری اور گاڑیوں کے اخراجات کی تفصیلات پبلک کی گئیں لیکن ہر بار دلیل نہ ہونے کی صورت میں ن لیگی ترجمان بے پر کی اڑانے میں جھجک محسوس نہیں کرتے۔

The post ڈینگی کے خلاف ایکشن ناپ تول کر لیا جا رہا ہے ، حسان خاور appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email