موجودہ حکومت انتخابی اصلاحات کے حوالے سے پرعزم ہے، فواد چوہدری

فواد چوہدری نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت انتخابی اصلاحات کے حوالے سے پرعزم ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کابینہ اجلاس پر میڈیا بریفنگ دیتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعظم نے انتخابی اصلاحات پر اتحادی جماعتوں کو اعتماد  میں لیا ، انتخابی اصلاحات کے بغیر صاف شفاف الیکشن کا انعقاد ممکن نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ اجلاس میں اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کا خطے کے دیگر ملکوں سے  تقابلی جائزہ پیش کیا گیا ، خطے کے دیگر ملکوں کی نسبت ہمارے ملک میں اشیائے ضروریہ کی قیمتیں کم ہیں ، پاکستان  میں پیٹرول کی  قیمت  بنگلہ دیش اور بھارت کی نسبت کم ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ علاقائی ممالک میں غربت کی شرح پاکستان سے زیادہ ہے ، پنجاب اور سندھ میں اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں واضح فرق ہے ، سندھ میں اشیائے خوردونوش کی قیمت پنجاب کے مقابلے میں زیادہ ہے ، سندھ حکومت کو انتطامی معاملات پر نظرثانی کرنے کی ضرورت ہے۔

فواد چوہدری نے کہا کہ ہاؤسنگ سوسائٹیز بنانے کیلئے لوگوں سے زمین لینے کا وفاقی حکومت  کا  اختیار ختم کردیا گیا ہے ، رہائشی پلاٹس کی منصفانہ تقسیم کے حوالے سے لائحہ عمل وضع کیا جائے گا ، وفاقی حکومت کی جانب سے پراپرٹی منیجمنٹ کیلئے نئی اتھارٹی کا قیام  عمل میں لایا جارہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کل قوم سے خطاب کرینگے ، تخفیف غربت کے  تمام منصوبوں کو قانونی حیثیت دینے جارہے ہیں ، کابینہ کو کامرس اور اطلاعات کی وزارتوں میں خالی آسامیوں پر بریفنگ دی گئی۔

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا کہ نجی اداروں کو چاہیے کہ مشکل وقت میں اپنے ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ کریں۔

The post موجودہ حکومت انتخابی اصلاحات کے حوالے سے پرعزم ہے، فواد چوہدری appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email