ملک میں اعلیٰ تعلیم کی شرح میں اضافے کی ضرورت ہے، صدر مملکت

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ ملک میں اعلیٰ تعلیم کی شرح میں اضافے کی ضرورت ہے۔

اسلام آباد میں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے قائد اعظم یونیورسٹی کے کانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملکی ترقی کیلئے نوجوان گریجوایٹس اپنی ذمہ داری ادا کریں، ملک میں اعلیٰ تعلیم کی شرح میں اضافے کی ضرورت ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمیں طلباء کو مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق تربیت دینا ہوگی، یونیورسٹی گریجوایٹس کی تعداد بڑھانے کیلئے آن لائن تعلیم فروغ دینے کی ضرورت ہے۔

صدر مملکت نے کہا کہ ملکی ترقی میں دنیا سے مقابلے کیلئے قوم کی ذہنی استعداد میں اضافہ ناگزیر ہے، پاکستان میں صرف 10 فیصد طلباء اعلیٰ تعلیم حاصل کر پاتے ہیں، خطے کے دیگر ممالک کی نسبت پاکستان میں یونیورسٹی گریجوایٹس کی تعداد کم ہے۔

ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا تھا کہ خواتین کو تعلیم کے شعبے میں مواقع دے کر ترقی کے اہداف حاصل کیے جا سکتے ہیں، مختلف شعبہ جات میں خواتین کی نمائندگی بڑھانے کی ضرورت ہے۔

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے مزید کہا کہ فیک نیوز کے سیلاب پر قابو پانے کیلئے قوم کی منطقی صلاحیتوں میں اضافے کی ضرورت ہے۔

صدر مملکت نے جامعات کی عالمی رینکنگ میں قائد اعظم یونیورسٹی کی بہتر پوزیشن کو سراہا۔

The post ملک میں اعلیٰ تعلیم کی شرح میں اضافے کی ضرورت ہے، صدر مملکت appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email