وزیر اعلیٰ سندھ زبان سے سندھ کو پیرس دکھا رہے ہیں ، حلیم عادل شیخ

حلیم عادل شیخ نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ سندھ زبان سے سندھ کو پیرس دکھا رہے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی حلیم عادل شیخ نے کہا کہ وزیر اعلیٰ سندھ کو ترقی کی باتیں کرتے ہوئے شرم آنی چاہیے ، لمبی لمبی چھوڑنے کے بجائے تھر کے حالات بیان کریں۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ بتائیں کہ آراو پلانٹ کا پیسہ لوٹ کر اپنے چیئرمین اور ایان علی کے اکاؤنٹس میں ڈالا گیا ، یہ بتائیں کے تھرپارکر میں آج بھی بچے بھوک سے مررہے ہیں ، سندھ حکومت کے نزدیک سندھ کی عوام صرف دل کے عارضے میں مبتلا ہے۔

حلیم عادل شیخ نے کہا کہ وزیر اعلیٰ یہ بھی بتائیں کے سندھ میں لاشیں رکشوں اور گدھا گاڑیوں پر لیکر جاتے ہیں ، مراد علی شاہ غلامی کا چشمہ اتار کر ہمارے ساتھ سندھ کا دورہ کریں ، سسٹمز چلانے والے سندھ کی ترقی کے دعوے کررہے ہیں۔

اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی حلیم عادل شیخ نے کہا کہ 14 سالوں میں صرف پی پی کے سسٹمز نے ترقی کی۔

 اس سے قبل اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی حلیم عادل شیخ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا تھا کہ گھوٹکی میں دوسرا کیس تھا جو مجھ پر سندھ کے حکمرانوں نے بنایا ، کنری کے بعد گھوٹکی کیس سے باعزت بری ہوا ہوں۔

انہوں نے کہا تھا کہ میں گھوٹکی سے واپس آرہا تھا ، ضمنی انتخابات میں ٹھپے لگائے جارہے تھے ، اس وقت میں وہاں شکایت پر پہنچا تھا ، مجھ پر کار سرکار مداخلت کا جھوٹا کیس بنایا گیا ، ملیر میں بھی دہشتگردی کے کیسز مجھ پر بنائے گئے ، ایک سیاسی اپوزیشن لیڈر پر پیپلزپارٹی نے سیاسی کیس بنائے۔

اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی حلیم عادل شیخ نے کہا تھا کہ پیپلزپارٹی سندھ میں پولیس پر چل رہی ہے ، پبلک اکاؤنٹس کمیٹی میں اپوزیشن کا کوئی نمائندہ نہیں ، جس دن  پیپلزپارٹی کے پاس سے اختیارات ختم ہونگے ، پارٹی ختم ہوجائے گی ، گینگ نے 9 افراد کو شہید کیا ، کل ورثا سے ملنے گیا تھا ، چاچڑ برادری کے 11 لوگ مارے گئے کوئی ایکشن نہیں لیا گیا ، پنجاب میں کارروائی کے بعد یہ کچے میں چھپ جاتے ہیں۔

The post وزیر اعلیٰ سندھ زبان سے سندھ کو پیرس دکھا رہے ہیں ، حلیم عادل شیخ appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email