وزیراعلیٰ پنجاب کا محکمہ سیاحت کے ہیڈ آفس کا اچانک دورہ

وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے محکمہ سیاحت کے ہیڈ آفس کا اچانک دورہ کیا ہے۔

وزیراعلیٰ عثمان بزدار بغیر کسی پروٹوکول ساڑھے 10 بجے محکمہ سیاحت کے آفس پہنچے، پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ بھی ہمراہ تھے۔

عثمان بزدار نے محکمہ سیاحت کے ہیڈ آفس میں افسروں اور عملے کی حاضری چیک کی۔

وزیراعلیٰ پنجاب سیکرٹری سیاحت اور دیگر افسروں و عملے نے دفتر سے غیر حاضری پر شدید برہمی کا اظہار کیا اور سیکرٹری سیاحت کو فوری طور پر او ایس ڈی بنانے کا حکم دیا۔

اس کے علاوہ وزیراعلیٰ عثمان بزدار غیر حاضر افسروں اور عملے کو معطل کرنے کا حکم بھی دیا۔

انہوں نے کہا کہ ساڑھے 10 بجے تک دفتر حاضر نہ ہونے والے افسروں اور عملے کو عہدوں پر رہنے کا کوئی حق نہیں، تاخیر سے دفتر آنا سرکاری فرائض میں غفلت ہے۔

عثمان بزدار نے کہا کہ غیر حاضر افسروں اور عملے کے خلاف تادیبی کارروائی کا حکم دے دیا ہے، دفاتر میں وقت کی پابندی پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ ہر محکمے کا اچانک دورہ کروں گا، محکمے کی کارکردگی اور افسروں کی حاضری کو تسلسل کے ساتھ مانیٹر کیا جائے گا۔

انکا کہنا ہے کہ وقت پر دفتر حاضر نہ ہونے والے افسروں اور عملے کے خلاف بلاامتیاز کارروائی ہوگی، سرکاری افسران اور عملہ اپنا قبلہ درست کر لیں۔

عثمان بزدار نے مزید کہا کہ محکمہ سیاحت کے افسروں اور عملے کے خالی دفاتر دیکھ کر سخت مایوسی ہوئی۔

The post وزیراعلیٰ پنجاب کا محکمہ سیاحت کے ہیڈ آفس کا اچانک دورہ appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email