غیرملکی ایئرلاینز نے بھی اسکردو ایئرپورٹ پر پروازیں شروع کرنے میں دلچسپی کا اظہار کردیا

قومی ایئرلائن(پی آئی اے) کے بعد اب غیرملکی ایئرلاینز کی جانب سے بھی  اسکردو ایئرپورٹ پر پروازیں شروع کرنے میں دلچسپی کا اظہار کردیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق سی اے اے کی سیاحت کے فروغ کے لیے کاوشوں کے مثبت نتائج آنا شروع ہوگئے ہیں، غیرملکی ایئرلاین فلائی دبئی نے اسکردو اپریشنز شروع کرنے کے لیے درخواست جمع کرادی ہے۔

ترجمان سی اے اے کا کہنا ہے کہ فلائی دبئی ایئرلائین، پاکستان سول ایویشن اور دبئی سول ایویشن سے باقاعدہ منظوری کے بعد اسکردو آپریشنز شروع کرسکے گی۔

 ترجمان سی اے اے کے مطابق اسکردو ایئرپورٹ کو بین الاقوامی ایئرپورٹ معیار کا درجہ ملنے کے بعد غیرملکی ایئرلاین نے فلائٹس چلانے کی خواہش ظاہر کی ہے۔

ترجمان سی اے اے کا کہنا تھا کہ اسکردو ایئرپورٹ سے بین الاقوامی آپریشنز کا اغاز ملک میں سیاحت کے فروغ کے لیے گیم چینجر ثابت ہوگا۔

گلگت بلتستان ایک ایسی جنت نظیر سرزمین ہے جو جغرافیائی طورپر بہت اہم ہونے کے ساتھ ساتھ سیاحتی اعتبارسے بھی پوری دنیا میں اپنی مثال آپ ہے۔

 ایک اندازے کے مطابق دنیا کے 70 فعصد پہاڑ گلگت بلتستان میں ہی پائے جاتے ہیں، شاہراہ قراقرم جیسی عظیم الشان سڑک گلگت بلتستان کے حصے میں ہے، دریائے سندھ ایسا طویل اور گہرا دریا جو اکثرپاکستان کو سیراب کرتا ہے۔

دنیا کی 8ہزارمیٹرسے بلند14 چوٹیوں میں سے 5گلگت بلتستان میں ہیں جیسے کے ٹو، نانگا پربت، راکاپوشی وغیرہ جس کو سر کرنے کے لئے آنے والے  ہزاروں ملکی اورغیرملکی سیاحوں سے حکومت پاکستان کو سالانہ لاکھوں ڈالرکی آمدنی بھی ہوتی ہے۔

یہاں مختلف بالائی علاقوں میں سینکڑوں قدرتی جھلیں ہیں ملکی اور غیرملکی سیاح ان جھیلوں سے ٹرائوٹ مچھلی کا شکار بھی کرتے ہیں۔

 گلگت بلتستان میں سیاحت کے فروغ کے لئے سب سے اہم یہاں کی سڑکیں ہیں، اس صوبے کی اکثر سڑکیں کچی ہیں جس کی وجہ سے سیاح اپنی گاڑی کے ذریعے سفر نہیں کرسکتے۔

ان کو یہاں کی مقامی مخصوص گاڑیاں کرایہ پر لینی پڑتی ہیں، اگر یہاں کی تمام سڑکیں پکی کی جائیں تو سیاحوں کی تعداد میں کئی گنا اضافہ ہوسکتا ہے۔

The post غیرملکی ایئرلاینز نے بھی اسکردو ایئرپورٹ پر پروازیں شروع کرنے میں دلچسپی کا اظہار کردیا appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email