آج ایک بار پھر اردو بولنے والوں کو ڈرایا جا رہا ہے ، سعید غنی

سعید غنی نے کہا ہے کہ آج ایک بار پھر اردو بولنے والوں کو ڈرایا جا رہا ہے۔

 وزیراطلاعات سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ پرامن احتجاج اور حکومت کے خلاف تنقید کرنا سیاسی جماعتوں کا حق ہے ، ایم کیو ایم ماضی کی روایتوں کو دہراتے ہوئے نفرت انگیز اور تعصب پر مبنی باتیں کررہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ان تعصب پر مبنی باتوں کا نقصان سندھ اور سندھ کے رہنے والوں بالخصوص کراچی کے لوگوں کو ہوگا ، ایسا محسوس ہورہا ہے کہ ایم کیو ایم  والے اپنے ہوش و حواس میں نہیں ہیں  اور بوکھلاہٹ کا شکار ہیں ، ایم کیو ایم کی جانب سے جس طرح کی زبان آج استعمال کی جارہی ہے اس سے الطاف حسین کی سیاسی سوچ کی بدبو آرہی ہے۔

وزیراطلاعات سندھ نے کہا ہے کہ وسیم اختر کی جانب سے آج جس طرح کی زبان استعمال کی گئی اور جس طرح وزیر اعلیٰ سندھ اور سندھ کے لوگوں کے لئے جو الفاظ استعمال کیے گئے وہ نامناسب ہیں ، آج ایک بار پھر اردو بولنے والوں کو ڈرایا جارہا ہے تاکہ وہ ان کو دوبارہ اپنی سیاسی چھتری تلے لے آسکیں۔

سعید غنی نے کہا کہ ایم کیو ایم آج دوبارہ اسی راستے پر چل پڑی ہے کہ وہ کسی طرح صوبوں میں رہنے والوں کے خلاف نفرتیں پیدا کرے ، وہ ایک بار پھر اس صوبے اور شہر کراچی میں جھگڑے،  فسادات اور غلط فہمیاں پیدا کرکے اپنی سیاست چمکانا چاہتی ہے، جس کی ہم بھرپور مذمت کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم بلدیاتی نظام کو مضبوط کرنا چاہتے ہیں تاکہ نچلی سطح تک اختیارات منتقل ہوسکیں ، چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی بلدیاتی نظام کے حوالے سے خصوصی ہدایات ہیں کہ ایسا نظام ہو جس کا براہ راست فائدہ عام عوام تک پہنچے۔

The post آج ایک بار پھر اردو بولنے والوں کو ڈرایا جا رہا ہے ، سعید غنی appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email