‘ایف بی آر کا جو نمائندہ ٹیکس ڈیوائس لگانے آئے اسے پکڑ کر بٹھالیں’

ٹیکس نظام میں نئی تبدیلیوں کے خلاف تاجروں کے اسلام آباد میں احتجاجی مظاہرے کے دوران تاجر رہنماؤں نے اعلان کیا ہے کہ ایف بی آر کا جو نمائندہ ٹیکس ڈیوائس لگانے آئے اسے پکڑ کر بٹھالیں۔

نمائندہ بول نیوز نعیم اصغر کے مطابق آل پاکستان انجمن تاجران کی کال پر ملک کے مختلف حصوں سے آئے تاجروں نے وزیراعظم ہاؤس کے سامنے جاکر احتجاجی دھرنا دینے کا اعلان کیا۔

تاجروں کو روکنے کیلئے  سیرینا چوک میں کنٹینر اور خاردار تاریں بچھائی گئیں اور پولیس کی بھاری نفری تعینات کرکے تاجروں کے مارچ کو سیرینا سے پہلے ہی روک دیا گیا۔ تاجروں نے اسی چوک میں دھرنا دے دیا۔

اس موقع پر احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے صدر آل پاکستان انجمن تاجران اجمل بلوچ نے کہا پی ٹی آئی حکومت کی نئی ٹیکس پالیسیوں کو ہم نہیں مانتے۔

تاجررہنماؤں کا کہنا تھا تاجر پہلے ہی کورونا کے ہاتھوں لٹے ہوئے ہیں، مزید ان پر ظلم نہ کیا جائے۔

تاجروں نے حتمی لائحہ عمل طے کرنے کے لیے تیرہ جنوری کو لاہور میں آل پاکستان انجمن تاجران کنونشن بلانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ کوئی ایف بی آر کا نمائندہ ڈیوائس لگانے آئے تو اس سے مزاحمت کی جائے گی۔

تاجر رہنما اجمل بلوچ نے مظاہرین سے خطاب میں کہا کہ پی ٹی آئی جب اچھا کام کرے گی اس کے ساتھ کھڑے ہوں گے، جب غلط کام کریں گی تو ہم اس کے خلاف کھڑے ہوں گے۔

اجمل بلوچ کا کہنا تھا کہ تاجر ٹیکس دیتا ہے، وزیراعظم کو یہ کالا قانون ختم کرنا پڑے گا، ہم لاہور اور رحیم یار خان میں آل پاکستان تاجر کنونشن کرنے جا رہے ہیں،وہاں ہم آئندہ کا لائے عمل دیں گے۔

The post ‘ایف بی آر کا جو نمائندہ ٹیکس ڈیوائس لگانے آئے اسے پکڑ کر بٹھالیں’ appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email