نسلہ ٹاور اور تجوری ہائٹس کی انہدامی کارروائی کا کام 7ویں روز بھی جاری

عدالتِ عظمیٰ پاکستان کے احکامات پر نسلہ ٹاور اور تجوری ہائٹس کی انہدامی کارروائی کا کام ساتویں روز بھی جاری ہے، نسلہ ٹاور کا انہدامی کام 40 فیصد مکمل کرلیا گیا ہے۔

اسسٹنٹ کمشنر گلشن اقبال کے مطابق تجوری ہائیٹس کی پہلی منزل کی چھت مسمار کر دی گئی ہے، جبکہ دیگر ستون کاٹنے کا عمل جاری ہے۔

اسسٹنٹ کمشنر فیروز آباد اسما بتول کے مطابق نسلہ ٹاور کے اطراف دفعہ 144 نافذ ہے، نسلہ ٹاور کی انہدامی کارروائی میں رکاوٹ ڈالنے والوں کو گرفتار کیا جائے گا۔

رپورٹ کے مطابق ہیوی مشینری کے ذریعے نسلہ ٹاور کی بالائی منزلیں اور چھت مسمار کی جارہی ہیں۔ درجنوں مزدور ہتھوڑوں کی مدد سے دیواریں مسمار کررہے ہیں۔

نسلہ ٹاور کے راستوں کو چاروں جانب سے سیل کردیا گیا ہے، شاہراہ فیصل کو شاہراہ قائدین سے ملانے والی سڑک کو ٹریفک کے لئے بند کردیا گیا ہے، شاہراہ قائدین کی سروس روڈ بھی جال لگا کر بند کردی گئی ہے۔

کسی بھی غیر متعلقہ شخص کو نسلہ ٹاور کے قریب جانے کی اجازت نہیں دی جارہی۔

رینجرز کی بھاری نفری نسلہ ٹاور کے اطراف تعینات ہے، جبکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کیلئے پولیس خواتین اہلکاروں کے ساتھ تعینات ہے۔

دوسری طرف تجوری ہائیٹس کا سائٹ آفس مکمل مسمار کیا جاچکا ہے، عمارت کی پہلی منزل کی چھت مسمار کر دی گئی ہے۔

اسسٹنٹ کمشنر گلشن اقبال کے مطابق تجوری ہائیٹس سے ملبہ اٹھانے کا کام بھی جاری ہے۔ تجوری ہائیٹس کی انہدامی کارروائی 80 فیصد مکمل کرلی گئی ہے۔

اسسٹنٹ کمشنر گلشن اقبال کا کہنا ہے کہ تجوری ہائیٹس کی مکمل مسماری اور صفائی چند روز میں مکمل کرلی جائے گی۔

The post نسلہ ٹاور اور تجوری ہائٹس کی انہدامی کارروائی کا کام 7ویں روز بھی جاری appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email