تنخواہ اور پنشن کا موجودہ ماڈل پائیدار نہیں ہے ، شوکت ترین

شوکت ترین نے کہا ہے کہ تنخواہ اور پنشن کا موجودہ ماڈل پائیدار نہیں ہے۔

مشیر خزانہ شوکت ترین نے پے اینڈ پنشن کمیشن کے ورچوئل اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کارکردگی اور معیاری کام کی بنیاد پر تنخواہوں، الاؤنسز اور مراعات کو معقول بنانے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ تنخواہ اور پنشن کا موجودہ ماڈل پائیدار نہیں ہے ، ملازمین کی کارکردگی کا تعین اہداف اور کارکردگی کی بنیاد پر کیا جا سکتا ہے ، بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والوں کو انعامات کے ساتھ معاوضہ بھی دیا جا سکتا ہے۔

مشیر خزانہ شوکت ترین نے بنیادی تنخواہ کے ڈھانچے میں بے ضابطگیوں کو دور کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ تمام محکموں اور اداروں کے لئے یکساں بنیادی تنخواہ کا ڈھانچہ تجویز کیا جائے۔

شوکت ترین نے پنشن کے معاملے میں بین الاقوامی طور پر رائج طریقوں کو اپنانے کی تجویز دی ، معاوضے کو کارکردگی سے جوڑنے کے لئے دائرہ کار وسیع کرنے کی ضرورت پر زور دیا اور کمیشن کو اپنی مکمل حمایت اور تعاون کی یقین دھانی کروائی۔

پے اینڈ پنشن کمیشن کے چیئرمین نے مشیر خزانہ کے کمیشن کے کام میں گہری دلچسپی پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ کمیشن حکومت کی توقعات پر پورا اترنے کی پوری کوشش کرے گا ، کمیشن سرکاری ملازمین کی تنخواہوں کو معقول بنانے کے لئے سفارشات کا ایک قابل عمل سیٹ حکومت کو پیش کرے گا۔

The post تنخواہ اور پنشن کا موجودہ ماڈل پائیدار نہیں ہے ، شوکت ترین appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email