جونئر ہاکی ورلڈ کپ: پوزیشن میچ میں پاکستان نے امریکا کے خلاف 18 گول داغ دیے

بھونیشور: جونئر ہاکی ورلڈ کپ کے پوزیشن میچ میں پاکستان نے امریکا کو 2 گول کے مقابلے میں 18 گول سے شکست دے دی ہے۔

انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن کے زیر اہتمام بھارت کے شہر بھونیشور میں جونئر ہاکی ورلڈ کپ جاری ہے جس میں پاکستان جونئر ہاکی ٹیم کپ سے باہر ہوگئی ہے تاہم درجہ بندی میچز میں پاکستان کے میچز جاری ہیں۔

درجہ بندی کے میچز میں پاکستان نے 9 ویں سے 16 ویں پوزیشن میچ میں فتح حاصل کرکے اپنی پوزیشن مضبوط بنالی ہے، پاکستان نے امریکا کو 2 گول کے مقابلے میں 18 گول سے شکست دی ہے۔

پاکستان کی جانب سے کپتان رانا وحید اور ابوذر نے ہیٹ ٹرکس بنائیں اور رانا وحید نے 4 گول جبکہ ابوذر نے 3 گول اسکور کیے۔ آج کے میچ میں پاکستان کے گول کیپر عبداللہ اشتیاق کھیلے جنہیں انٹرنیشنل کیپ بھی مل گئی ہے۔

واضح رہے کہ درجہ بندی میچز میں پاکستان کے مزید دو میچز باقی ہیں جبکہ پاکستان 9 ویں سے 12 پوزیشن رینکنگ کے لئے اگلا میچ 2 دسمبر کو کھیلے گا۔

خیال رہے کہ پری کوارٹر فائنل میں پاکستان کا مقابلہ ارجنٹائن سے ہوا جس میں سخت اور سنسنی  خیز مقابلے کے بعد ارجنٹائن نے پاکستان کو 3 کے مقابلے میں 4 گول سے شکست دی۔

اس سے قبل پاکستان کا دوسرا میچ مصر سے ہوا جس میں پاکستان نے مصر کو 1 گول کے مقابلے میں 3 گول سے شکست دی تھی جبکہ پہلے میچ میں قومی جونئر ہاکی ٹیم کو جرمنی سے 5 کے مقابلے میں 2 گول سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

The post جونئر ہاکی ورلڈ کپ: پوزیشن میچ میں پاکستان نے امریکا کے خلاف 18 گول داغ دیے appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email