’اومیکرون کی معمولی علامات ہیں، کسی کو اسپتال میں داخل نہیں کیا‘

جنوبی افریقامیڈیکل ایسوسی ایشن کی سربراہ ڈاکٹر اینجیلک کوئیٹزی کا کہنا ہے کہ اومی کرون مریضوں میں معمولی علامات ہیں اور انہوں نے ابھی تک کسی بھی اومیکرون کے مریض کو اسپتال میں داخل نہیں کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا غیر ویکسین شدہ افراد میں بھی نئے ویرئنٹ کی معمولی علامات ہی سامنے آرہی ہیں، تاہم کورونا وائرس کے نئے ویرئنٹ کے خطرے کی شدت اور اس کے پھیلاؤ کا تعین ابھی ہونا باقی ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی سے بات کرتے ہوئے ڈاکٹر کوئیٹزی کا کہنا تھا کہ گزشتہ 10 روز میں کورونا کی نامعلوم علامات کے ساتھ تقریباً 30 مریضوں کا معائنہ کیا۔ متاثرہ افراد کو غیر معمولی شدید تھکاوٹ کی شکایت تھی۔ بیشتر مریض 40 سال سے کم عمر تھے جن میں سے نصف افراد غیر ویکسین شدہ تھے۔

انہوں نے بتایا کہ کچھ مریضوں میں پٹھوں کے درد، گلے کی خراش، خشک کھانسی اور بخار کی علامات تھیں۔

دنیا کے دیگر حصوں میں ملنے والے کیسز بھی معمولی نوعیت کے ہیں۔

برطانوی کاؤنٹی ایسکس کے ڈائریکٹر پبلک ہیلتھ ڈاکٹر مائیکل گوگارٹی نے اسکائی نیوز کو بتایا کہ ایسکس میں انفیکٹ ہونے والے ایک شخص کو اسپتال میں داخل کرنے کی ضرورت پیش نہیں آئی۔

The post ’اومیکرون کی معمولی علامات ہیں، کسی کو اسپتال میں داخل نہیں کیا‘ appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email