ایف بی آر ٹیکس دہندگان کے ساتھ مؤثر اور مضبوط رابطہ یقینی بنائے، مشیر خزانہ

مشیر خزانہ نے کہا ہے کہ ایف بی آر ٹیکس دہندگان کے ساتھ  مؤثر اور مضبوط رابطہ یقینی بنائے۔

مشیر خزانہ شوکت ترین کی زیر صدارت ٹیکس اصلاحات سے متعلق اعلی سطحی اجلاس ہوا جس میں ٹیکس دہندگان تک پہنچنے کے لیے اہم چیلنجز، عوامی آگاہی اور اعتماد سازی کے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اجلاس میں ایف بی آر کی جانب سے ٹیکس بنیاد کو وسیع کرنے کے حوالے سے بریفنگ دی گئی جبکہ چیئرمین ایف بی آر اور ٹیم نے مشیر خزانہ کو  محصولات میں اضافے اور ممکنہ ٹیکس دہندگان تک رسائی پر پیش رفت کے بارے میں بھی تفصیلی بریفنگ دی۔

چیئرمین ایف بی آر نے کہا کہ نادرا کے تعاون سے ڈیٹا مرتب کرنے کے لئے عملی اقدامات شروع کئے گئے ہیں، ڈیٹا ممکنہ اور موجودہ ٹیکس دہندگان کو ویب پورٹل کے ذریعے قابلِ فہم انداز میں دستیاب ہو گا۔

اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے مشیر خزانہ شوکت ترین نے ایف بی آر کے اقدامات کی تعریف کی   جبکہ مشیر خزانہ شوکت ترین نے ایف بی آر کی ٹیم کے لئے اپنی مکمل حمایت اور اعتماد کا اظہار بھی کیا۔

شوکت ترین  نےکہا کہ ایف بی آر ٹیکس دہندگان کے ساتھ موثر اور مضبوط رابطہ یقینی بنائے، ملک میں ٹیکس بنیاد وسیع کرنے اور ٹیکس سے مطابقت رکھنے والے کلچر کو فروغ دینے کے لئے عوامی حمایت حاصل کی جائے ۔

مشیر خزانہ شوکت ترین  کا مزید کہناتھا کہ ٹیکس بیس کو وسعت دینے اور محصولات وصولی بڑھانے کے لئے جلد از جلد ٹیکس دہندگان کی رسائی کے اقدام کو شروع کریں۔

The post ایف بی آر ٹیکس دہندگان کے ساتھ مؤثر اور مضبوط رابطہ یقینی بنائے، مشیر خزانہ appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email