صدر مملکت کی ترکی کے صدر رجب طیب اردگان سے ملاقات

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے اشک آباد میں ترکی کے صدر رجب طیب اردگان سے ملاقات کی۔

ملاقات میں دو طرفہ تعاون ، تجارت اور معاشی تعلقات پر تبالہ خیال کیا گیا۔

ملاقات میں دونوں صدور نے علاقائی اور عالمی فورمز پر تعاون بڑھانے ، دو طرفہ تعلقات مضبوط کرنے پر اتفاق کیا۔

علاوہ ازیں اس سے قبل صدر مملکت ڈاکٹرعارف علوی نے اشک آباد میں اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) کے 15 ویں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ افغانستان نے 40 سال جنگ کا سامنا کیا ہے، افغانستان میں امن کا قیام بہت ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ مسلمان ممالک مہاجرین کی میزبانی کر رہے ہیں اور پاکستان میں اس وقت 35 تا 40 لاکھ مہاجرین کی میزبانی کی جا رہی ہے لیکن تعجب ہے کہ انسانی حقوق کا درس دینے والے ممالک مہاجرین کو اپنے ممالک میں داخل ہی نہیں ہونے دیتے۔

صدر مملکت نے کہا کہ ہمیں دنیا کو یہ سبق دینا ہو گا کہ اخلاقیات پر عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے، مسلم امہ مل کر عالمی سوچ میں تبدیلی کیلئے آگے بڑھے تا کہ اسلاموفوبیا کی لہر کا خاتمہ کیا جا سکے۔

ڈاکٹر عارف علوی کا کہناتھا کہ امت مسلمہ افغانستان کی ترقی، امن و استحکام کیلئے اپنا کردار ادا کرے کیونکہ افغانستان میں امن و استحکام پورے خطہ کیلئے ضروری ہے۔ہمیں مل کر افغانستان کی معاشی ترقی کیلئے کردار ادا کرنا ہو گا ۔

انہوں نے کہا کہ تجارتی و اقتصادی رابطوں کا فروغ وقت کی اہم ضرورت ہے، ایکو کا پلیٹ فارم اقتصادی رابطوں کے اضافہ میں مدد دے گا۔

 صدر مملکت نے  یہ بھی کہا کہ ایکو کے رکن ممالک میں وسائل کی بہتات ہے اور ہماری مشترکہ ثقافت، ورثہ اور مذہب ہے۔ ایکو ممالک کی باہمی تجارت ان کی مجموعی تجارت کے 8 فیصد کے مساوی ہے جس میں اضافہ ضروری ہے۔

ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ ایکو کے رکن ممالک تجارت، سرمایہ کاری، فنانس، ویلیو چینج اور سماجی رابطوں سمیت مختلف شعبوں کی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔

صدر مملکت کا کہنا تھا کہ میں ایکو کے متفقہ وژن 2025ء اور اسلام آباد اعلامیہ پر عمل درآمد کو یقینی بنانا ہو گا تاکہ ایکو ٹریڈ اینڈ ڈویلپمنٹ بینک اور ری انشورنس کمپنی قائم کر کے خود مختاری حاصل کی جائے۔

عارف علوی نے کورونا وائرس کے حوالہ سے قومی معیشت کے بارے میں کہا کہ پوری دنیا کی معیشت کورونا وباء کی وجہ سے متاثر ہوئی، کووڈ 19 کی وباء کے باعث عالمی سطح پر مہنگائی کا سامنا ہے۔

ڈاکٹر عارف علوی  کا کہناتھا کہ پاکستان میں سمارٹ لاک ڈائونز کی حکمت عملی اور غریبوں کی اربوں روپے کی امداد کر کے معیشت کو بحال رکھا،دنیا کے اکثر ممالک میں افراط زر کے مسائل درپیش ہیں اور صارفین کو قیمتوں میں اضافہ کا سامنا ہے تاہم ہماری حکومت غریب طبقہ کی معاونت کیلئے اقدامات کر رہی ہے۔

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے عالمی برادری پر زور دیا کہ غریب اور کم ترقی یافتہ ممالک سے لوٹی گئی رقوم کی امیر ممالک کو ترسیل روکے اور ہمارے چرائے گئے اثاثہ جات ہمیں واپس کئے جائیں۔

The post صدر مملکت کی ترکی کے صدر رجب طیب اردگان سے ملاقات appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email