وزیراعظم نے ہر 5 سال میں مردم شماری کروانے کا فیصلہ کیا ہے، اسد عمر

وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر نے ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے انکشاف کیا کہ وزیراعظم عمران خان نے فیصلہ کیا ہے کہ ملک میں ہر پانچ سال کے بعد مردم شماری کروائی جائے گی۔

پاکستان تحریک انصاف سے تعلق رکھنے والے وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے کراچی کو صدر پاکستان اور گورنرسندھ  دیے ہیں۔

انہوں نے زور دے کر کہا کہ کراچی کی نوکریاں کراچی والوں کو ملنی چاہئیں۔

ان کا کہنا تھا کہ آئندہ دو ہفتے میں وزیراعظم عمران خان کراچی کا دورہ کریں گے۔ وہ کراچی میں گرین لائن کا افتتاح کریں گے۔

وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا کہ عمران خان کی جدوجہد میرٹ اور انصاف کے لیے ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ وفاق کی معاونت سے کراچی کی ترقی کا سفر شروع ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ دسمبر 2022 میں مردم شماری مکمل کرلی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ کراچی کا دیرینہ مطالبہ مردم شماری رہا ہے۔

پی ٹی آئی سے تعلق رکھنے والے وفاقی وزیر اسدعمر نے الزام عائد کیا کہ سندھ حکومت نے مقامی حکومتوں سے اختیارات چھین لیے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت سندھ کے نئے نظام کو یکسر مسترد کرتے ہیں۔

قبل ازیں اسد عمر نے گرین لائن منصوبے کو آپریشنل کرنے کے حوالے سے کراچی کے شہریوں کو خوشخبری سنائی۔

سوشل میڈیا پر جاری ایک بیان میں اسد عمر نے لکھا کہ کل کراچی گرین لائن منصوبے کا تفصیلی جائزہ لیا، اگلے 10 دنوں میں کراچی گرین لائن منصوبہ ٹرائل آپریشن کے لیے تیار ہو گا۔

اسد عمر کا اپنی ٹوئٹ میں یہ بھی کہنا تھا کہ ٹرائل کے بعد وزیراعظم‪ عمران خان کراچی آکر گرین لائن منصوبے کا افتتاح کریں گے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ دو ہفتے ٹرائل کے بعد 25 دسمبر کو کراچی گرین لائن کا کمرشل آپریشن شروع کر دیا جائے گا۔

The post وزیراعظم نے ہر 5 سال میں مردم شماری کروانے کا فیصلہ کیا ہے، اسد عمر appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email