نااہل حکومت ہر شعبے میں بری طرح ناکام ہوچکی ہے، مرتضیٰ وہاب

ترجمان سندھ حکومت مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ نااہل حکومت ہر شعبے میں بری طرح ناکام ہوچکی ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات فواد کے بیان پر ردِعمل دیتے ہوئے ترجمان سندھ حکومت و ایڈمنسٹریٹر کراچی مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ فواد چوہدری کے خواب میں ہمیشہ چھیچھڑے رہتے ہیں۔

مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ دنیا جانتی ہے کہ نااہل سرکار کی عوام میں کوئی جڑیں نہیں ہیں، اے ٹی ایم سرکار ہر شعبے میں بری طرح ناکام ہوچکی ہے۔

ترجمان سندھ حکومت نے کہا کہ پی ٹی آئی کے ترجمان تسلیم کرلیں آپ کا جانا ٹھہر چکا ہے۔

مرتضیٰ وہاب  کا کہنا تھا کہ سلیکٹڈ حکومت کی نااہلی سے ملک کی عوام بدترین مہنگائی سے متاثر ہیں، وہ دن دور نہیں جب نااہل حکومت کا تختہ گول ہوگا۔

ترجمان سندھ حکومت مرتضیٰ وہاب کا مزید کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی عوامی جماعت ہے، مقبولیت کا اندازہ ضمنی انتخابات سے لگایا جاسکتا ہے، پیپلز پارٹی کے اقتدار میں آنے سے ملک میں حقیقی جمہوریت کا راج ہوگا۔

واضح رہے اس سے قبل وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات فواد چوہدری نے پنڈدادنخان میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ ن لیگ لوگوں کو لالچ دیکر الیکشن لڑتی ہے، ووٹ کو ہزار،2 ہزار میں خریدنا ووٹ کو عزت دینا ہے؟

ان کا کہنا تھا کہ سیاست مریم نواز اور کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کی بس کی بات نہیں، ای وی ایم سے ن لیگ اور پیپلزپارٹی گھبرا جاتی ہے، ان کا انتخآبی طریقہ دھاندلی ہے۔

وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ ویڈیو اور لیکس کا مقصد بلیک میلنگ ہوتا ہے، ویڈیوز پہلے آجاتی ہیں بعد میں پتہ چلتا ہے کہ جعلی ہے، مریم نواز نے کہا تھا لندن تو کیا پاکستان میں بھی میری کوئی جائیداد نہیں، آپ کے کرتوتوں کی وجہ سے آج پاکستان مشکلات کا شکارہے، شریف خاندان لندن میں جائیدادوں کی رسیدیں دے، اس کے علاوہ ان کے پاس اور کوئی آپشن نہیں، جعلی ویڈیو کے ذریعے اداروں کو بلیک میل نہیں کیا جاسکتا۔

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کی آواز پورے ملک میں جاتی ہے اور پورے ملک میں ان کا ووٹ بینک ہے، تحریک انصاف واحد قومی اور وفاقی پارٹی ہے جس نے پاکستان کو متحد رکھا ہوا ہے۔

پی ٹی آئی رہنما کا مزید کہنا تھا کہ وفاقی قیادت اور وفاقی پارٹی پاکستان کے لیے ضروری ہے، اگلےانتخابات میں بھی عمران خان کاکوئی مقابلہ نہیں کرسکتا، پیپلزپارٹی زرداری اور بلاول کی پارٹی ہے، پیپلزپارٹی سندھ تک محدود ہے، پورے پاکستان میں اگر کوئی ٹکٹ دینے کے پوزیشن میں ہے تو وہ پی ٹی آئی ہے۔

The post نااہل حکومت ہر شعبے میں بری طرح ناکام ہوچکی ہے، مرتضیٰ وہاب appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email