‘مظلوم کشمیریوں پر ڈھائے جانے والے بھارتی مظالم پر عالمی خاموشی ناقابل فہم ہے’

اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کا سپین کے شہر میڈریڈ میں منعقدہ آئی پی یو کی 143ویں کانفرنس کی جنرل اسمبلی سے خطاب میں کہنا ہے کہ جمہوری اقدار کے فروغ اور جمہوریت کے استحکام کے لیے اجتماعی عالمی کوششوں کی ضرورت ہے۔

اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے اپنے خطاب میں کہا کہ مظلوم کشمیری عوام پر بھارت کی جانب سے ڈھائے جانے والے مظالم پر عالمی برادری کی خاموشی ناقابل فہم ہے۔

اسد قیصرکا کہنا تھا کہ  پاپولزم میں عالمی اضافے سے جمہوریت کے بنیادی اصولوں کو نقصان پہنچانے کا خطرہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس کانفرنس میں عصر حاضر کے چیلنجوں کو زیر بحث لایا گیا ہے، جن میں کورونا اور وبائی امراض اہم موضوع ہے۔

اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ کویڈ 19 کی وجہ جاننا، اس کے عالمی معیشتوں پر پڑنے والے اثرات اور اس کی وجہ سے درپیش مسائل کا حل ضروری ہے۔

اسد قیصر نے مزید کہا کہ گلوبلائزڈ دنیا نے تیزی سے جمہوری اقدار اور اصولوں کو اپنایا ہے۔  بات چیت، اتفاق رائے، تعاون کا فروغ اور ہمارے کثیر الجہتی کام عالمی چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے ضروری ہیں، فلاح و بہبود کو فروغ دینا اور انسانی حقوق کا تحفظ سیاسی نظام کی بنیاد ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ آج کے جدید دور میں شہری بااختیار ہو چکے ہیں، نئی اور ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز نے معلومات کے خزانے تک رسائی کو کھول دیا ہے۔

اسد قیصر نے کہا کہ نفرت پر مبنی نظریات نے معاشروں کو نقصان پہنچایا ہے جس کی وجہ سے معاشرے میں عدم برداشت بڑھتا جا رہا ہے، پریشان کن بات یہ ہے کہ پاپولسٹ لیڈر غلط معلومات پھیلا کر ووٹوں کو بڑھانے کے لیے لوگوں کو تقسیم کر رہے ہیں، انتخابی عمل کا یہ غلط استعمال انسانی وقار پر حملہ جمہوریت کے تصورات کے لیے بہت بڑا نقصان ہے، مقبوضہ کشمیر کی عوام کی حالت زار عصر حاضر کے عالمی رہنماؤں کی خصوصی توجہ کی منتظر ہے۔

اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ 05 اگست 2019 سے، قابض فاشسٹ بھارت نے وحشیانہ طاقت کے استعمال کے ذریعے کشمیریوں پر غیر قانونی اور یکطرفہ اقدامات کا سلسلہ مسلط کر رکھا ہے، بھارت نے یہ اقدامات اقوام متحدہ کے تسلیم شدہ متنازع علاقے کی جغرافیائی حیثیت کو تبدیل کرنے کے لیے کیے ہیں۔ ایسے اقدامات جمہوریت، قانون کی حکمرانی اور انسانی حقوق کے بنیادی اصولوں کی صریح خلاف ورزی ہے۔

اسد قیصر نے کہا کہ جمہوریت اور انسانی حقوق کے عالمی چیمپئن کی مقبوضہ کشمیر کی عوام کی حالت زار پر خاموشی قابل افسوس ہے، کشمیری عوام کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق اپنے مستقبل کا تعین کا حق دیا جائے، کشمیری عوام کو ان کا جمہوری حق دلوانے کے لیے عالمی برادری کو کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے، وہ دن دور نہیں جب کشمیری عوام اپنا بنیادی حق کو حاصل کرنے میں کامیاب ہونگے۔

آئی پی یو کی جنرل اسمبلی سے خطاب میں ان کا مزید کہنا تھا کہ عالمی برادری غیر منصفانہ عالمی معاشی نظام کی وجہ سے بے اطمینانی کے دور سے گزر رہی ہے،  امیر امیر تر اور غریب غریب تر ہوتا جا رہا ہے، ایک سیاسی  کارکن کی حیثیت میرا پختہ یقین ہے کہ ہمارے مسائل کا بہترین حل جمہوری نظام میں مضمر ہے، عصر حاضر کے چیلنجوں پر قابو پانے کے لیے تین سطحوں پر عمل کرنے کی ضرورت ہے، بین الاقوامی سطح پر عالمی گورننس کے نظام میں اصلاحات کی فوری ضرورت ہے،  پاکستان جمہوری اقدار اور قواعد پر مبنی بین الاقوامی نظام کو فروغ دینے میں اقوام متحدہ کے مرکزی کردار کو مکمل طور پر تسلیم کرتا ہے۔

اسپیکر قومی اسمبلی کہتے ہیں کہ عالمی مسائل پر بات چیت اور ان کے حل کے لیے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی ‘ورلڈز پارلیمنٹ’ کو مرکزی فورم کے طور پر بحال کرنے کی ضرورت ہے،  پاکستان یہ بھی مانتا ہے کہ اقوام متحدہ کے چارٹر کے اصولوں کا احترام اور پاسداری ضروری ہے، گفت و شنید سے عمل پر مبنی نتائج حاصل ہوں گے جو ہمارے عوام کی جمہوری امنگوں پر پورا اتریں گے، بات چیت اور دوطرفہ تعاون میں فروغ بین الاقوامی سطح پر جمہوریت کے اصولوں کو مضبوط کرنے میں معاون ثابت ہونگے۔

 خطاب کے اختتام پر اسپیکر قومی اسمبلی نے اس اجلاس میں مدعو کرنے پر سپین کی پارلیمنٹ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ کووڈ-19 سے وابستہ رکاوٹوں کے باوجود آئی پی یو سیکرٹریٹ کی جانب بہترین انتظامات قابل ستائش ہیں۔

The post ‘مظلوم کشمیریوں پر ڈھائے جانے والے بھارتی مظالم پر عالمی خاموشی ناقابل فہم ہے’ appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email