کورونا کی نئی قسم: حکومت سندھ کا بوسٹر ڈوز کو لازمی قرار دینے کا فیصلہ

کورونا کی نئی خطرناک قسم اومی کرون کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے حکومت سندھ نے بوسٹر ڈوز کو لازمی قرار دینے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

حکومت سندھ کا کہنا ہے کہ فائزر ویکسین بوسٹر ڈوز کے طور پر لگائی جائے گی۔

ذرائع کے مطابق بوسٹر ڈوز کا دائرہ پورے سندھ تک پھیلایا جائے گا۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ بوسٹر ڈوز لگانے کی کوئی فیس نہیں لی جائے گی۔

واضح رہے کہ عالمی ادارہ صحت نے کورونا کی نئی قسم اومی کرون کو تشویشناک قرار دے دیا ہے۔

عالمی ادارہ صحت کا کہنا ہے کہ نئی قسم اومی کرون کی خصوصیات پریشان کن ہیں، امریکا میں بھی اومی کرون کے کیسز ہوسکتے ہیں۔

ڈبلیو ایچ او کا اس حوالے سے مزید کہنا ہےکہ کئی ہفتے بعد پتہ چلے گا کہ موجودہ ویکسینز اومی کرون کے خلاف کس قدر موثر ہیں۔

عالمی ادارہ صحت کے مطابق ابتدائی شواہد سے پتہ چلا ہےکہ اس نئی قسم میں ری انفیکشن کا خطرہ دیگر اقسام سے زیادہ ہے۔

بین الاقوامی ذرائع ابلاغ کے مطابق کورونا وائرس کی اس نئی قسم کو اومی کرون کا نام دیا گیا ہے اور اس کے پہلے کیسز جنوبی افریقا میں دریافت کیے گئے تھے۔

اس کے بعد متعدد ممالک بشمول برطانیہ، کینیڈا اور امریکا نے جنوبی افریقا اور اس کے ارد گرد خطے کے ممالک پر سفری پابندیاں عائد کر دی ہیں۔

دوسری جانب عالمی ادارہ تجارت ڈبلیو ٹی او نے گزشتہ چار سال میں اپنا پہلا وزراء کے سطح کا اجلاس، پھر سے ملتوی کر دیا ہے۔ 160 ممالک کے وزرا نے اس اجلاس میں سوئٹزرلینڈ کے شہر جنیوا میں ملاقات کرنی تھی۔

جنوبی افریقا میں اس اومی کرون قسم کی تصدیق کے بعد سے یہ قسم بوٹسوانا، بلجیئم، ہانگ کانگ، اور اسرائیل میں پائی گئی ہے۔

کورونا وائرس کی اس نئی قسم کے سامنے آنے کے بعد ایک بار پھر یہ خدشات بڑھ رہے ہیں کہ کووڈ 19 کے خلاف تمام کوششیں ناکافی ثابت ہو سکتی ہیں اور اگر اس نئی قسم سے متعلق سائنسدانوں کے خدشات درست ہیں تو دنیا بھر میں کورونا کی ایک نئی لہر آ سکتی ہے۔

کورونا کی اس نئی قسم کی دریافت کی اہم بات یہ ہے کہ اس وائرس کے جینیاتی ڈھانچے میں بہت زیادہ تبدیلیاں موجود ہیں۔

اسی وجہ سے ایک سائنسدان نے اس نئی قسم کے کورونا وائرس کو ہولناک قرار دیا تو ایک سائنسدان کا کہنا ہے کہ یہ اب تک سامنے آنے والے تمام وائرس سے خطرناک ہے۔

ایسے میں یہ سوالات جنم لے رہے ہیں کہ وائرس کی یہ نئی قسم کتنی تیز رفتار سے پھیل سکتی ہے اور اس میں کورونا کی ویکسین کے خلاف کتنی مدافعت موجود ہے۔

سب سے اہم سوال یہ ہے کہ کورونا کی اس نئی قسم کا توڑ کیا ہے؟

اس نئی قسم کے بارے میں تمام تر خدشات کے باوجود ان سوالوں کے سب جواب اب تک سائنسدانوں کے پاس بھی نہیں۔

The post کورونا کی نئی قسم: حکومت سندھ کا بوسٹر ڈوز کو لازمی قرار دینے کا فیصلہ appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email