نوبل انعام یافتہ ملالہ یوسف زئی کی برطانیہ سے تعلیم مکمل

نوبل امن انعام حاصل کرنے والی پاکستانی ملالہ یوسف زئی نے برطانیہ کی اوکسفرڈ یونیورسٹی سے گریجویشن مکمل کرلی ہے۔

ملالہ یوسف زئی نے گزشتہ روز سوشل میڈیا پر اپنی گریجویشن کی تصاویر پوسٹ کیں جن میں انہیں اپنے شوہر، والدین اور دوستوں کے ساتھ خوشی مناتے دیکھا جا سکتا ہے۔ ملالہ یوسف زئی نے برطانیہ کی معروف ترین یونی ورسٹی اوکسفرڈ سے فلسفہ، سیاسیات اور معاشیات میں گریجویشن کیا ہے۔ گریجویشن کی تقریب کا انعقاد مئی 2020 میں ہونا تھا لیکن کورونا وبا کی وجہ سے یہ تقریب لگ بھگ ڈیڑھ سال بعد منعقد کی گئی۔

ملالہ کی گریجویشن پر جہاں وہ خود بہت پرجوش ہیں وہیں ان کے شوہر عصر ملک کی خوشی بھی دیدنی ہے، اس حوالے سے انہوں نے سوشل میڈیا پر کہا کہ اوکسفرڈ یونیورسٹی ہی میں وہ پہلی مرتبہ ملالہ سے ملے تھے، ملالہ کی گریجویشن کے دن یہ اور اہم مقام بن گیا ہے۔

دوسری جانب ملالہ کے والد ضیاالدین یوسف زئی نے سوشل میڈیا پر اپنے پیغام میں لکھا کہ یہ ہمارے لیے خوشی اور شکر ادا کرنے کا موقع ہے۔

واضح رہے کہ طالبان کے حملے میں ملالہ یوسف زئی شدید زخمی ہوگئی تھیں ، انہیں علاج کے لیے برطانیہ منتقل کیا گیا جہاں سے انہوں نے اپنی تعلیم مکمل کی، چند روز قبل وہ برطانیہ ہی میں رشتہ ازدواج سے بھی منسلک ہوئی ہیں۔

The post نوبل انعام یافتہ ملالہ یوسف زئی کی برطانیہ سے تعلیم مکمل appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email